پشاور (آئی این پی ) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پشاور مردان سمیت تمام تعلیمی بورڈ ز کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائیگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی اسمبلی میں واقع اپنے چیمبر میں پشاور اور مردان تعلیمی بورڈ زکے ملازمین کے ایک نمائند ہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاملاقات کے دوران صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن مشتاق غنی اور وزیر قانون امتیاز شاہد کے علاوہ اپوزیشن ممبران اسمبلی شاہ حسین خان اور ضیاءالرحمان بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں موجود تعلیمی بورڈ زسے متعلق کسی بھی بل کو بغیر مشاورت کے صوبائی اسمبلی سے پاس نہیں کیاجائیگا۔انہوں نے ملازمین کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ جب بھی ایسا کوئی بل صوبائی اسمبلی میں پیش کیاگیاتو وہ اس بل کو پاس کرنے سے پہلے تمام سٹیک ہولڈر زکی باہم مشاورت کیلئے مزید بحث کیلئے کمیٹی کو ریفرکرینگے تاکہ بل پر تمام متعلقہ فریقین سے مکمل مشاورت کی جا سکے ۔بحث کے دوران بل میں موجود تمام خامیوں کو دور کیا جائیگااور ملازمین کے تحفظات دور کئے جائیں گے ۔قبل ازیں بورڈ زملازمین نے بتایا کہ بورڈ ز کی خودمختاری ختم کرنے سے ہر بورڈ کے ملازمین کی سنیارٹی کے متاثر ہونے سمیت دیگر مسائل پید اہونے کا خدشہ ہے ۔جس کے باعث ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔