اسلام آباد (نیوز رپورٹر) فیصل مسجد اسلام آباد میں قرآن مجید کے انتہائی نادر اور نایاب نسخے عوام کی زیارت کیلئے رکھ دیئے گئے۔ ان قرآنی نسخوں میں کئی نسخے کئی سو سال پرانے ہیں۔ یہ قدیمی نسخے زاہد بٹ نے ہدیہ کئے ہیں۔ جمعہ کے روز سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ نے فیصل مسجد کا دورہ کیا اور ان نادر نسخوں کی زیارت کی۔ اُنہوں نے مسجد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فیصل مسجد آنیوالے لوگوں کو ان قرآنی نسخوں بارے تفصیلات سے آگاہ کیا جائے اور مسجد میں نمایاں مقامات پر انکی مسجد میں موجودگی سے متعلق عوام کو بتایا جائے۔ ممبر ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ ہمارے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ان نادر، نایاب اور قدیمی قرآنی نسخوں کو مسجد میں رکھنے کی ہمت اور توفیق دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ انچ سائز کے قدیمی قرآنی نسخے عوام کیلئے بہت منفرد اور نایاب تحفہ ہیں۔