اسلام آباد (طارق بٹ)عالمی بینک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم منگل سے دو روزہ دورہ پاکستان پر آرہے ہیں،وہ نوازشریف حکومت پر اپنی متعارف کردہ اصلاحات کو جاری رکھنے پر زور دیں گے۔ ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ یہ دورہ موجودہ حکومت سے جاری پالیسی مذاکرات کا تسلسل ہے۔ علاوہ ازیں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (WTO) کے ڈائریکٹر جنرل مئی میں پاکستان آئیں گے۔ عالمی بینک کے صدر وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے جامع مذاکرات کریں گے جو مختلف دائروں میں اہم معاشی اصلاحات کے روح رواں ہیں۔ دس برس میں عالمی بینک کے کسی صدر کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا جبکہ 18 برس میں دوسرا ہوگا۔ چار سال سے صدارت کے عہدے پر فائز ڈاکٹر کم کا یہ پہلا دورہ اسلام آباد ہے۔ قبل ازیں ان کی نواز شریف کے ساتھ دو برس میں تین ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ دو بار نیویارک اور ایک مرتبہ واشنگٹن میں ملے تھے۔ افسر کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کے صدر کا یہ دورہ مختلف شعبوں میں موجودہ حکومت کی شروع کردہ اصلاحات کی توثیق اور دو برس کے دوران پیداواری شعبے میں میکرو اکنامک استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر، افراط زر، ٹیکس ریونیو، سرمایہ کاری،مالیاتی خسارے میں حاصل کردہ کامیابیوں کو تسلیم کرنا ہے۔ ڈاکٹر کم بلوچستان و خیبرپختونخوا کے وزراء اعلیٰ اور گورنر کے پی کے سے بھی ملیں گے اور چھوٹے صوبوں و قبائلی علاقوں میں پروگراموں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ سول سوسائٹی اور نجی شعبہ کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔ افسر نے بتایا کہ اس دورے کے دوران پیداوار، توانائی، سرمایہ کاری، انسانی ترقی، پولیو کا خاتمہ، خدمات کی فراہمی، ماحول کی تبدیلی، علاقائی رابطے، مالیاتی شمولیت، صنفی اور بے گھری کے معاملات و شعبے مرکزی اہمیت کے حامل ہوں گے۔ افسر کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے دو سال کے دوران انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کی رعایتی کھڑکی سے داسو، تربیلا 4 جیسے منصوبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، پیداوار اور توانائی کے شعبے میں ڈیولپمنٹ پالیسی کریڈٹ میں ، غیرمعمولی تعاون کیا ہے۔عالمی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر پیجو موتھو النگواں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور غیرملکی سرمایہ کاری، تعلیم و صحت کے شعبوں میں ترقی کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جو ڈاکٹر کم کے دورے میں زیربحث آئیں گے۔ اسحاق ڈار نے مختلف شعبوں میں عالمی بینک کے تعاون کو سراہا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ بینک کے صدرکا دورہ پاکستان معاشی تعاون کو مزید بڑھائے گا۔ ڈاکٹڑ جم یونگ کم یکم جولائی 2012 کو عالمی بینک کے صدر بنے، وہ فزیشن اور اینتھرو پولوجسٹ ہیں جنہوں نے دو دہائیوں سے خود کو عالمی ترقی کیلئے وقف کردیا ہے اور دنیا بھر میں نچلےطبقے کے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ بینک کا صدر بننے سے قبل وہ ڈرموتھ کالج کے صدر تھے جو امریکا میں اعلیٰ تعلیم کا مرکز اور ٹاپ تعلیمی اداروں میں شامل ہے۔