• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ، 24 ٹیموں کی اسکروٹنی کا عمل مکمل

نیشنل چیلنج کپ فٹ بال ، 24 ٹیموں کی اسکروٹنی کا عمل مکمل

کراچی (شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر) نیشنل چیلنج کپ 2018 میں شرکت کرنے والی 24 ٹیموں کی اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوگیا۔ 21اپریل سے 10مئی تک کراچی میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں ملک بھر کی 24ٹاپ فٹ بال ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ کے پی ٹی فٹ بال اسٹیڈیم پر اسکروٹنی کے آخری مرحلے میں کراچی میں جن 14ٹیموں کی اسکروٹنی کی گئی ان میں کے الیکٹرک، پی آئی اے، نیشنل بینک آف پاکستان، ایس این جی پی ایل، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پاکستان نیوی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پی ڈبلیو ڈی، سندھ گورنمنٹ پریس، گوادر پورٹ اتھارٹی، ایس ایس جی سی، اسٹیٹ لائف انشورنس، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور کراچی یونائیٹڈ شامل تھیں۔ کراچی میں اسکروٹنی کے مرحلے کو انجام دینے والی کمیٹی کے ممبران میں شہزاد انور (ٹیکنیکل ڈائریکٹر پی ایف ای) رحیم بخش بلوچ، قمر علی قریشی، زاہد تاج، محمد آصف اور غلام شبیر شامل تھے۔ قبل ازیں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، کے آر ایل، پاکستان ائیرفورس، فالکن ایف سی، ہزارہ کول کمپنی، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ، اشرف شوگر ملز اور ایشیا گھی ملز کی اسکروٹنی مکمل ہوگئی تھی۔ جنرل سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن کرنل (ر) احمد یار خان لودحی نے ملک بھر میں اسکروٹنی کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کرنے پر پی ایف ایف کی جانب سے تشکیل دی جانے والی اسکروٹنی کمیٹیز کے ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ممبران نے اپنا کام پروفیشنل انداز میں احسن طریقے سے انجام دیا ہے۔

تازہ ترین