• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کاروبار میں کامیابی کے پانچ گُر

سوال : اگر آپ کسی کاروبار میں کامیابی حاصل کرنے کے پانچ اہم ترین اصولوں کی فہرست مرتب کریں تووہ کیا ہوں گے اور ان میں ’’پبلک فیکٹر ‘‘ کہاں ہوگا؟

جواب : اپنے طلبہ کو ہائی سکول کی سطح پر بزنس کی تعلیم دیتے ہوئے وویل ہائٹیس، کوئینز لینڈ کی انٹی موران(Annette Moran) نے بھی ایک ایسا ہی سوال پوچھا تھا۔ پانچ اہم ترین ترجیحات یا کامیابی کے گُر مرتب کرتے ہوئے میں نے پبلک فیکٹرکو ہمیشہ اہمیت دی ہے ۔ یہ کاروبار کے شعبے میں ہونے والی بہت سی کامیابیوں کی بنیاد ہے ۔ بہت سی ناکامیوں کی وجہ بھی یہی فیکٹر ہے ۔ 

جس دوران بزنس کے سکولوں میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ کامیابی کے لیے ایک واضح تصور، توجہ اور بہترین بزنس منصوبے کی ضرورت ہوتی ہے، میں نے ہمیشہ ایک عظیم ، دلیر، متحرک اور پرجوش خیالات رکھنے والی ٹیم کا انتخاب کیا ہے ۔ اب آئیے دیکھتے ہیں کہ کاروبار کی شروعات کیسے کرنی ہے ۔

اچھی ٹیم تلاش کیجیے

ورجن بزنس ، جیسا کہ ایکٹو، اٹلانٹک، منی او ر موبائل، تمام ہماری مینجمنٹ ٹیم کے تصورات اور اشتراک ِعمل کا نتیجہ ہیں۔ ہم نے اُنہیں پرجوش تصورات کو سامنے لانے اور اُن پر آزادی سے کام کرنے کا موقع فراہم کیا ۔ اس ضمن میں ہمیںخاص طور پر ہمیں ایسے بزنس لیڈران کی تلاش رہتی ہے جو فیڈبیک سننے اور سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ یہ پراڈکٹ کو فریش اور متحرک رکھنے کے لیے ضروری ہے ۔ 

جب سٹاف ممبران محسوس کرتے ہیں کہ اُن کی بات کو توجہ سے نہیں سنا جارہا، تو وہ بوریت محسوس کرنے لگتے ہیں۔اس سے اچھے تصورات اوپر نہیں آتے اور بزنس کے معاملات بگڑنا شروع جاتے ہیں۔ بزنس لیڈران کے لیے ضروری ہے کہ وہ مشکل فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، اور اُن میں چیلنج کے وقت اپنے اسٹاف کا حوصلہ بڑھانے کی صلاحیت موجود ہو۔ ہمارے بہترین ایگزیکٹوز آفس کے سائز اور قالین کی موٹائی کو کوئی مسلۂ نہیں بناتے ۔

ملازمین کی بہتری کو کاروبار کا حصہ سمجھیں

ایک کامیاب کاروبار محض کسی پراڈکٹ یا سروس کی فروخت کانام نہیں، یہ کارپوریٹ کلچر کی ایک سپلائی چین ہے ۔ اس میں مشترکہ تصورات اور مقاصد رکھنے والے افراد کا ایک گروہ فعال ہوتاہے ۔ ورجن کی مثال لے لیں ۔ ہم بھی وہی جہاز اُڑاتے ہیں، اور ہمارے جم میں بھی وہی ساز وسامان ہے جو دوسرے استعمال کرتے ہیں۔ لیکن جو چیز ہمیں ہمارے کاروباری حریفوں سے ممتاز کرتی ہے وہ ہمارے ملازمین ہیں۔ 

بہترین کاروباری پلان بھی بے سود رہتا ہے اگر اس پر عمل کرنے والا اسٹاف اس کے ساتھ جذباتی وابستگی اور اس کا شوق نہ رکھتا ہو۔ جب کاروبار کو کسی مشکل کا سامنا ہوتو اسٹاف کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے ۔ دوستانہ انداز میںذمہ داری اور لگن کے ساتھ کام کرنے والی ٹیم لوگوں کا اعتماد حاصل کرسکتی ہے ، اور اس طرح نقصان کا حجم کم ہوجاتا ہے ۔ آہستہ آہستہ چیزیں بہتری کی طرف مڑنے لگتی ہیں۔

چند سال پہلے ورجن امریکہ کی فلائٹ کا رخ خراب موسم کی وجہ سے نیویارک سے نیوانگلینڈ کی طرف موڑ دیا گیا۔ مسافروں کو اس کے چھوٹے سے ایئرپورٹ پر اترنے سے پہلے کئی گھنٹوں تک جہاز میں ہی بیٹھنا پڑاکیونکہ اترنے والی طیاروں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔ بعد میں سی ای او، ڈیوڈ کوش نے بہت سے مسافروں سے رابطہ کرتے ہوئے اُن سے تکلیف کی معذرت کی ۔ اس سے ورجن کی فلائٹ استعمال کرنے والے مسافروں کو بھی احساس ہوا کہ ورجن کا اسٹاف مسلے کو محسوس کرتااور اس کا حل نکالنے کی کوشش کرتا ہے ۔

ہمیشہ اپنے اسٹاف کی تعریف کریں تنقید سے گزیر کریں

غلطیوں پر نظر رکھنے کی بجائے ایک بزنس لیڈر کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہر روز کسی نہ کسی خامی کی اصلاح کی کوشش کرے ۔ ملازمین پر تنقید کی بجائے اُن کی اصلاح اور اُن کی کارکردگی میں بہتری لانے کا کلچر فروغ دیں۔ اس کے لیے اُن کی کاوش کو سراہنا اور اُن کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا ضروری ہے ۔

یہ کلچر اُن کی ناکامی کا خوف دور کردے گا، اور وہ پوری لگن سے کام کریں گے۔ جب غلطی ہو، اور یہ ناگزیر ہے، میں یہ موقف اختیار کرتا ہوںکہ آپ اس سے کچھ سیکھیں، اور کوشش کریں کہ اگلی مرتبہ ایسی غلطی نہ ہو۔ اس صورت میں آپ اس غلطی میں ملوث افراد کی بات غور سے سنیں، وہ جانتے ہیں کہ دراصل کیا ہوا تھا۔

اپنے آپ کو بہت سنجیدگی سے نہ لیں

ہمیں فخر ہے کہ ہم ورجن میں اپنے بزنس سے لطف اٹھاتے ہیں۔ لطف سے میری مراد یہ ہے کہ ہمارا اسٹاف اور کلائنٹس گرمجوشی اور اپنائیت کو محسوس کیے بغیر نہیں رہ سکتے ۔ اس سلسلے میں خود سب کی رہنمائی کرتا ہوں۔ میں اکثر عجیب و غریب لباس پہن کر سب کو محظوظ کرتا ہوں، اور اپنی حرکات سے ظاہر کرتا ہوں کہ میں خود کو بہت اہمیت نہیں دیتا۔ 

ممکن ہے کہ یہ طرز عمل ہر قسم کے بزنس کے لیے کام نہ دے لیکن ایک بات ہے کہ کہیں بھی لیڈراپنی مینجمنٹ اور ٹیم سے فاصلے پر نہ ہو۔ ملازمین میں اعتماد اور جوش پید ا کرنے کے لیے دلچسپی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ چنانچہ ایسا ماحول پیدا کریں جہاں اُنہیں کام کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو۔

آگے بڑھنے کا حوصلہ رکھیں

آخرمیں، بزنس میں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ ضروری ہے ۔ کسی بھی کاروبار کو شروع کرنا ایک رسک ہوتاہے ۔ چنانچہ لیڈر کے لیے ضروری ہے کہ وہ راستے میں پیش آنے والے مشکلات کا سامنا کرنے اور اُن کا حل نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

© 2018 رچرڈ برنسن (نیویارک ٹائمز سنڈیکٹ کا تقسیم کردہ) 

تازہ ترین