آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
پیر2؍ربیع الثانی 1440ھ 10؍دسمبر2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کسی شیر کو میں نہیں جانتا، چیف جسٹس

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ کسی شیر کو میں نہیں جانتا،انہوں نے ججز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیں اصل شیر۔

میڈیا کمیشن کیس کی سپریم کورٹ آف پاکستان میں سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار ریمارکس دیتے ہوئے مزید کہا کہ کسی نے فیصل رضاعابدی کاانٹرویودیکھا ہے؟سپریم کورٹ کےباہرعدلیہ مردہ باد کے نعرے لگے،ابھی صبراور تحمل سے کام لے رہے ہیں،غیرت ہوتی تو خود سامنے آتے۔

سپریم کورٹ میں میڈیا کمیشن کیس کے دوران چیف جسٹس نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 2روز قبل جب ہم نے آرٹیکل 62ون ایف کا فیصلہ سنایا، عدالت کے باہر نعرے لگائے گئے،یہاں عدلیہ مردہ باد کے نعرے لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیایہ میڈیاکی ذمے داری ہے؟اتنااحترام ضرور کریں جتنا کسی بڑے کا کیا جانا چاہیے، کسی کی تذلیل مقصود نہیں،نااہلی کیس کے بعد ہی نعرے لگے،خواتین کوشیلٹر کے طور پر سامنے لےآتے ہیں۔

اس موقع پر جسٹس شیخ عظمت سعیدکا کہنا ہے کہ بات زبان سے بڑھ گئی ہے،میڈیاکی آزادی عدلیہ سے مشروط ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پیمرا قانون میں ترمیم کے حوالے سے کیا، کیا گیا ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل راناوقار نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ حکومت نے 7رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، وزیراعظم کی منظوری سے کمیشن کی تشکیل کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن میں نمایاں صحافی اورپی بی اے کے چیئرمین کو شامل کیا گیا ہے، کمیشن چیئرمین پیمرا کے لیے 3ممبران کے پینل کا انتخاب کرے گا۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کام ہوتے ہوتے تو بہت وقت لگ جائے گا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل راناوقار نے انہیں بتایا کہ یہ کام 3ہفتوں کے اندرہوجائےگا۔

عدالت نے پیمراچیئرمین کے انتخاب کے لیے سرچ کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کو کمیٹی سے نکال دیا جبکہ سیکرٹری اطلاعات کو کمیٹی میں شامل کرلیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مریم اورنگزیب بیانات دینے میں مصروف ہوں گی،ان کے لیےکمیٹی کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ عدلیہ کمزور ہوگی تو میڈیا کمزور ہوگا،اگر ہماری بات ٹھیک نہیں توبولنا بھی بند کردیں گے، قانون سازوں کوقانون میں ترمیم کے لیے تجویز نہیں کر سکتے،پارلیمنٹ آرٹیکل 5 میں ترمیم نہ کرے تو کیا کریں؟

جسٹس عظمت سعید کا کہنا ہے کہ قانون کو کالعدم قرار دیا تو خلا پیدا ہوگا۔

حامد میر کے وکیل نے کہا کہ آرٹیکل 5 کے اطلاق کی گائیڈ لائن ہونی چاہیے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آرٹیکل 5 اور6 آئین کےآرٹیکل 19 سے مطابقت نہیں رکھتے،لگتاہے حکومت کو کوئی خوف نہیں،حکومت کا پیمرا پر کنٹرول ختم کرناچاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کام میراکھولاہوانہیں لیکن بندکرکے جاؤں گا،حکومت پر کوئی تلوارنہیں ہےلیکن یہ کام ہوناچاہیے۔

حامدمیر کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ حکومت کےآرٹیکل5 کےاختیارکوپیمراکی رضامندی سےمشروط کردیں۔

ایک موقع پر چیف جسٹس کا یہ بھی کہنا تھا کہ لالوپرشاد کانام لیا، اس حوالے سے میری معلومات غلط تھیں، لالوپرشاد لاء گریجویٹ ہیں۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں