• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس اعجاز کے گھر پر فائرنگ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ چیف جسٹس کو ارسال

لاہور ( آن لائن ) پولیس نے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو ارسال کردی ہے۔پولیس کے مطابق گولی کافی فاصلے سے فائر کی گئی جو گیٹ پر لگی،اطلاع رینجرز کے نائیک نے دی۔ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں گزشتہ روز نامعلوم افراد نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔ پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کردی جسکے مطابق فائرنگ کے واقعے سے پولیس کو صبح 10 بج کر 45 منٹ پر آگاہ کیا گیا۔ پاکستان رینجرز کے شفٹ انچارج نائیک عبدالرزاق نے شکایت درج کروائی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق جسٹس اعجاز کے گھر کے مین گیٹ کے بالائی حصے پر گولی لگی، پنجاب فرانزک ایجنسی کو تجزیہ کرنے کے لیے بلایا گیا، جس نے تمام شواہد اور ریکارڈ کو محفوظ کرلیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق گولی کافی فاصلے سے فائر کی گئی ہے، جس سمت سے گولی آئی تھی اس پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اس ضمن میں قریبی علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کیے گئے ہیں، پنجاب فرانزک ایجنسی نے موقع سے ملنے والی گولی فائر آرمز اینڈ ٹول مارکس میں مشاہدے کیلیے بھجوا دی ہے۔ماڈل ٹاؤن میں جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر دو بار فائرنگ ہوئی تھی۔ فائرنگ کے واقعات ہفتے کی شب 10 : 45 منٹ پر اور اتوار کی صبح 9 : 45 منٹ پر پیش آئے۔
تازہ ترین