اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔پیر کو سپریم کورٹ میں فٹبال فیڈریشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اظہار یکجہتی پر سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کا شکریہ ادا کیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں اور تحقیقات میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔