قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے نگراں وزیر اعظم کے لئے تجویز کئے گئے ناموں کے اعلان پر حیرت میں ہوں,تحریک انصاف کے نام میڈیا کے ذریعے مجھ تک پہنچے۔
اسلام آباد میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری تحریک انصاف کے رہنماوں سے مشاورت جاری تھی،میں نے تحریک انصاف سے رابطے کیے لیکن انہوں نے نہیں کیا، اب تحریک انصاف کے ساتھ بیٹھنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں، نوازشریف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے بتایاکہ حکومت سےکہا 15 مئی تک نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنا چاہیے جب کہ نگراں وزیراعظم کا فیصلہ میں نے اور وزیراعظم نے کرنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اظہار رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے، جمہوریت اور آمریت میں پھر کیا فرق رہے گا جب کہ اظہار رائے کو ریاست کےخلاف استعمال نہیں کرنا چاہیے، قانون بھی اس کی اجازت نہیں دیتا۔
واضح رہےپاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیر اعظم کے لئے سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کے نام تجویز کئے۔
تحریک انصاف کے تجویز کردہ دونوں ناموں کو قائد حزب اختلاف تک پہنچا نے کی ذمہ داری شاہ محمود قریشی کو سونپی گئی تھی ۔