• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال کی سی ای اوبرٹش کونسل سے ملاقات، نالج گیٹ وے پروگرام پر تبادلہ خیال

احسن اقبال کی سی ای اوبرٹش کونسل سے ملاقات، نالج گیٹ وے پروگرام پر تبادلہ خیال

لندن( نیوز ڈیسک) وزیرداخلہ احسن اقبال نے جو ان دنوں دولت مشترکہ سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے برطانیہ کے دورے پر ہیں گزشتہ روز برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو سرکیاران ڈیوان سے ملاقات کی اور ان سےپاک امریکہ نالج کوریڈور کی طرز پر پاک برطانیہ نالج گیٹ وے پروگرام شروع کرنے پرتبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران انھوں نے برٹش کونسل کی جانب سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں برٹش کونسل کے تعاون اور امداد پر شکریہ ادا کیا ،احسن اقبال نے سرکیاران ڈیوان کوبتایا کہ پاک امریکہ نالج کوریڈور کے تحت پاکستان کااعلیٰ تعلیمی کمیشن ہر سال ایک ہزار پی ایچ ڈی سکالرز کو امریکہ بھیجتاہے حکومت ان کے قیام و طعام کے اخراجات برداشت کرتی ہے جبکہ مقامی یونیورسٹیاں ان کی ٹیوشن فیس وغیرہ کا بوجھ برداشت کرتی ہیں ،انھوں نے اساتذہ میں معیاری مہارت اور شخصیت سازی کی صفات پیدا کرنے کیلئے اسلام آباد میں اساتذہ کی تربیت کا جدید ترین تربیتی انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کیلئے کونسل کے قیام کیلئے ڈیزائن کی تیاری میں برٹش کونسل سےتکنیکی تعان کی درخواست کی۔انھوں نے پاکستان میں سوشل سائنسز اکیڈمی کے قیام کیلئے بھی برٹش کونسل سے تکنیکی تعاون کی درخواست کی۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان کی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کا بجٹ جو 2013 میں13 بلین روپے تھا رواں سال 45 بلین روپے کردیاہے ،اس حوالے سے سب سے اہم پیش رفت ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرناہے،جبکہ بلوچستان کے ہر ضلع میں خواتین کے کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں ،خواتین کی تعلیم کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ ان کے اپنے ضلع نارووال میں قائم یونیورسٹی کیمپس میں اب400 طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں80 فیصد لڑکیاں ہیں۔ احسن اقبال نے برٹش کونسل کے کری ایٹو اکنامی پروگرام میں بھی دلچسپی کااظہار کیا کہ نارووال کے یونیورسٹی کیمپس میں اس طرح کا ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاجاسکتاہے۔ سر ڈیوان نے احسن اقبال کی جانب سے اٹھائےگئے تمام معاملات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی اور انھیں بتایا کہ برٹش کونسل نوجوانوں کو مثبت اور بامقصد زندگی گزارنے کیلئے کیریئر شروع کرنے کیلئے سوشل انٹرپرائز کے حوالے سے بھی تعاون کررہی ہے۔

تازہ ترین