• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے پرویز مشرف کیخلاف انکوائری کی منظوری دے دی

جنگ نیوز

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے آمدن سے زائد اثاثوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں سابق صدر پرویز مشرف کےخلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔

نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف شخصیات کےخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی جس میں سب سے اہم سابق صدر پرویز مشرف کےخلاف انکوائری کی منظوری شامل ہے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق پرویز مشرف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔

نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم درانی کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی ہے جبکہ ان کے ہمراہ پی ایچ اے فاؤنڈیشن کے ایم ڈی اور سی ای او کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی کے خلاف بھی پاناما پیپرز میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الہٰی کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائرکرنےکی منظوری دی گئی جبکہ کیوبا میں پاکستانی سفیر کامران شفیع کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عبداللہ یوسف کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی ہے، ملزم کے خلاف پاناما میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کا الزام ہے۔

تازہ ترین