کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ گروپ نے فٹ بال کے کھیل میں نئی جدت لاتے ہوئے مختصر فارمیٹ کا کھیل متعارف کرایا ہے، یہ خوش آئند ہے اب کھلاڑی کم وقت میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں، اس بات کا اظہار سابق نیشنل کوچ اور سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ کوچ طارق لطفی نے کے وائی آئی لیژر لیگس انٹرا سٹی فٹ بال چیمپئن شپ کی فائنل رائؤنڈ کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قومی کوچ اپنے وسیع تجربے کی روشنی میں یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا کہ لیژر لیگس نے جس طرح گراس رووٹ لیول پر جملہ پاکستان میں فٹبال سرگرمیوں کا نیٹ ورک قائم کیا ہے اس طرح کی سرگرمیاں ماضی میں نظر نہیں آتیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ عیسیٰ خان، سید عثمان شاہ، جمیل ہوت، حاجی اقبال خان، زیب خان، احمد جان، وقاص حسین، ریاض احمد، رضا خان، ماسٹر ریاست علی، یعقوب علی، سیدشہروز رضوی، محمد آصف، علی حسنین، مصطفی رضوی، وقاص عبدالرزاق، ارباز عبدالرزاق اور دیگر موجود تھے۔