• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈومیسٹک ہاکی لیگ رواں سال نومبرمیں ہوگی،شہباز سینئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی پہلی پروفیشنل ڈومیسٹک ہاکی لیگ کا انعقاد رواں سال نومبر میں کرے گا جس سے نوجوان قومی کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آئیگا۔ لیگ میں بھارتی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائیگا۔ لیگ کو حتمی شکل دینے کیلئے کام جاری ہے اور امید ہے رواں ماہ کے اختتام یا آئندہ ماہ کے شروع میں اسے مکمل کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کا آغاز پاکستان کیلئے سود مند ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتا ہے۔ امید ہے لیگ کا کامیاب انعقاد پاکستان کی دوبارہ بین الاقوامی سطح پر برتری کو حاصل کرنے کیلئے راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ہاکی کی ازسرنو تعمیر کرنی ہے اور اس کا بہترین ذریعہ یہ ہے کہ ہم اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک متحرک لیگ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ مواقع فراہم کرے۔ تمام ہاکی کھیلے جانے والے ممالک سے بہترین کھلاڑیوں کو لیگ میں خوش آمدید کیا جائیگا، ابتدائی سیزن میں یورپین کھلاڑیوں کی شرکت مشکل دکھائی دیتی ہے تاہم ملائیشیاء، کوریا سمیت دیگر ایشیاء کے دیگر کھلاڑی لیگ میں حصہ لیں گے۔ شہباز سینئر نے کہا کہ بھارت میں جاری سائوتھ ایشین گیم میں فیڈریشن کے صدر اور وہ خود میچ دیکھنے نہیں جائیں گے اور ہم نے بھارتی ویزے کیلئے اپلائی ہی نہیں کیا کیونکہ ہمارے خیال میں پڑوسی ملک جانے کا یہ مناسب موقع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کے ہاکی آفیشلز کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواں ہیں مگر ابھی ان سے رابطہ کا مناسب وقت نہیں ہے ۔
تازہ ترین