• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکواش میں شاندار خدمات پر جہانگیر خان کیلئے ایشین ایوارڈ کااعلان

ٹوکیو، جاپان ( عرفان صدیقی ) کھیلوں کے شعبے میں شاندار خدمات پر اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کےلیے برطانیہ کے معتبر ایشین ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ 27 اپریل کو لندن میں ہونے والی تقریب میں جہانگیر خان سمیت ایشیا سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ ماضی میں روی شنکر ، بروس لی ،سر بین کنگسلے اے آر رحمان ،شاہ رخ خان چیکی چین سمیت دیگر اہم شخصیات یہ ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔ تقریب میں میئر لندن صادق خان کے علاوہ برطانوی سیاسی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ ایشین ایوارڈ کے سربراہ پال ساگو نے جہانگیر خان کو تحریر کیے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ آپ کی کھیلوں کے شعبے میں خدمات قابل قدر ہیں اور آج تک اپ کے قائم کیے گئے ورلڈ ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکا ایشین ایوارڈ کی انتظامیہ آپ کو اس اہم ایوارڈ کے لیے نامزد کرکے فخر محسوس کرتی ہے۔ اس موقع پر جہانگیر خان نے کہا کہ آٹھویں ایشین ایوارڈ کے لیے نامزدگی نہ صرف میرے بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعث فخر ہے۔ جہانگیر خان نے کہا کہ وہ ستائیس اپریل کو لندن میں ایوارڈ وصول کرکے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں ایک تقریب میں وزیر اعظم پاکستان انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازیں گے جبکہ اگلے ماہ وہ جاپان کا دورہ کریں گے جہاں ان کے اعزاز میں جاپانی حکومت کی جانب سے جاری کردہ یادگاری ٹکٹ کے حوالے سے تقریب میں شرکت کرنا ہے ۔
تازہ ترین