لندن ( جنگ نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کینیڈین حریف گریکو کو 39 سیکنڈ میں شکست دے کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔31 سالہ عامر خان اور 33 سالہ کینیڈین باکسر فل لو گریکو کے درمیان برطانیہ کے شہر لیورپول میں مقابلہ ہوا، عامر خان نے تقریباً دو سال بعد رنگ میں واپسی کی اور مقابلہ شروع ہوتے ہی اپنے حریف پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ انہوں نے صرف 13سیکنڈ کے اندر ہی اپنے حریف کو گھٹنوں کے بل کردیا اور چند سیکنڈ میں انہوں نے گریکو کو ناک آؤٹ کردیا۔ مقابلہ جیتنے کے بعد عامر خان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مزید بڑے مقابلے ہونے ہیں اور میں شائقین کو بڑے مقابلے دینا چاہتا ہوں، میں چاہتا ہوں کہ باکسنگ اسٹیڈیم مکمل بھرے ہوئے ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں رنگ میں اس لیے واپس آیا ہوں کہ آپ کو بتاسکوں کہ عامر خان کیا ہے؟ میں دوبارہ چیمپئن بننا چاہتا ہوں میں کیل بروک سے لڑوں گا۔ میں اس سے مضبوط اور بہتر فائٹر ہوں۔