• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائبرنائف روبوٹک ریڈیو سرجری سے کینسر سے نجات مل جاتی ہے، سربراہ شعبہ ریڈیالوجی جناح اسپتال

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر)سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری سے دماغ ، ریڑھ کی ہڈی، مثانے ، جگر اور پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا مریضوں کو دو گھنٹے کے اندر کینسرسے ہمیشہ کے لئے نجات مل جاتی ہے ۔پاکستان دنیا کے ان 34ممالک میں سے ایک ہے جس نے یہ ٹیکنالوجی حاصل کی ہے ۔ امریکہ میں سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری 90ہزار ڈالرجبکہ پاکستان میں جناح اسپتال کراچی میں بالکل مفت کی جاتی ہے ۔جناح اسپتال میں روبوٹک سرجری کے لئے دبئی ، مسقط ، ایران، عمان ، افغانستان اور ابو ظہبی سمیت 12ممالک سے مریض آتے ہیں ۔ رواں سال اسپتال میں کینسر کی ابتدائی تشخیص کرنے والی پیٹ سی ٹی اسکین مشین بھی نصب کر دی جائے گی ۔جس سے مریضوں میں کینسر کی جلد تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے اور ان کی زندگی آسان ہو سکے گی ۔ ان خیالات کا اظہار جناح اسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر طارق محمود نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن افراد کو دماغ، ریڑھ کی ہڈی، مثانے ، جگر اور پھیپھڑوں میں ٹیومر ہو اورمرض پہلے یا دوسرے اسٹیج پر ہوان کی روبوٹک سرجری کی جاتی ہے ۔جسم کے جس حصے میں ٹیومر ہو تا ہے روبوٹ اس کے گرد دو گھنٹے تک گھومتا ہے اور کمپیوٹر کے ذریعے اس کی سرجری کی جاتی ہے جس کے بعد مریض خود چل کر گھر جاتا ہے ۔سرجری کی کامیابی کی شرح 99فیصد ہے ۔اس میں انفیکشن کا خطر ہ بھی نہیں ہوتا جبکہ اس کے مضر اثرات بھی نہیں ہوتے ۔ انہوں نے بتایا کہ جناح اسپتال میںسائبر نائف روبوٹ 2012میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے لگایا گیا تھا ۔ اسپتال میں سالانہ 11سو مریضوں کی روبوٹک سرجری کی جاتی ہے تاہم اس سال تعداد بڑھا کر آئندہ سال سے 18سو سے 2ہزار سرجریز کی جائیں گی۔اسپتال میں روبوٹک سرجری کی مد میں سالانہ 10کروڑ روپے لگتے ہیں جو مخیر حضرات فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اسپتال میں پیٹ سی ٹی اسکین مشین بھی نصب کی جائے گی جو صوبے میں سرکاری سطح پر کسی اسپتال میں پہلی مشین ہوگی اس مشین کی قیمت 40کروڑ روپے ہے ۔جس کے لئے حکومت سندھ نے 20کروڑ روپے فراہم کر دیئے ہیں باقی کے 20کروڑ روپےجمع کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ایک مریض کا پیٹ سی ٹی اسکین تقریبا ً55ہزار روپے میں ہوتا ہے جو اس مشین کی تنصیب کے بعد جناح اسپتال میں بالکل مفت کیا جائے گا۔
تازہ ترین