کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) مغربی بائی پاس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلوچستان شیعہ کانفرنس (ہزارہ ٹاؤن)کے ڈپٹی سیکورٹی انچارج ساتھی سمیت شہید جبکہ محافظ پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ،پولیس کے مطابق ہزارہ ٹائون کے رہائشی بلوچستان شیعہ کانفرنس (ہزارہ ٹاؤن )کے ڈپٹی سیکورٹی انچارج محمد علی رضائی اپنے دوست ہزارہ ٹاون واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر زمان ہزارہ اور پولیس اہلکار سفر علی کے ہمراہ اتوار کو دو موٹر سائیکلوں پر مغربی بائی پاس جا رہے تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نےان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں محمدعلی رضائی اور زمان ہزارہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ جبکہ نامعلوم موٹر سائیکل فرار ہو گئے۔ پولیس اور ایف سی نے لاشوں اور زخمیوں کو بی ایم سی ہسپتال پہنچایا جہاں طبی امداد کے بعد زخمی اہلکار کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا جبکہ ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا ءکے حوالے کر دی گئیں۔