کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کراچی کے حالیہ بجلی کے بحران کے حل کے لئے اپنے بیان میں چیف جسٹس سپریم کورٹ جناب ثاقب نثارسے ازخود نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی شہر آپ کی جانب دیکھ رہا ہے کراچی کا ہر شہری آپ سے کے الیکٹرک کی غیر قانونی اقدامات کے خلاف ازخودنوٹس کا منتظر ہے،چیف جسٹس صاحب کے الیکٹرک کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف ازخود نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے حل کے لئے ضروری ہے کہ کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے اورجب تک کے الیکٹرک کے مقابل نئی پاور جنریشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیز نہیں لائی جائیں گی کے الیکٹرک کی من مانی جاری رہے گی، بجلی کا بحران اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک کراچی میں پاور جنریشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیز کو مزید نئے لائسنسز کا اجرا نہ کیا جائے اس کیلئے ضروری ہے کہ پاورجنریشن اور ڈسٹری بیوشن کے لئے کے الیکٹرک کے ساتھ 3 سے 4 مزیدکمپنیز کونئے لائسنسز دیئے جائیں۔ چیف جسٹس جناب ثاقب نثار کراچی کے صارفین کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 80 ارب کے الیکٹرک سے واپس دلانے میں مدد کریں، شنگھائی کارپوریشن اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ معطل کرنے کے احکامات دیں ،جب تک کے الیکٹرک تمام اداروں اور کراچی کے شہریوں کے واجبات ادا نہیں کردیتی، کے الیکٹرک کا سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے پر پابندی عائد کرائیں ،امید ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے الیکٹرک کے غیر قانونی اقدامات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔