کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ، ترقیات، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک بند پاور پلانٹس چلائے، وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے گیس کمپنی اور دیگر اداروں سے معاملات طے کرانے میں معاونت کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے پیر کی سہ پہر ڈائو ڈینٹل کالج کی 8 منزلہ عمارت کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب اور بعد ازا ں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی استحکام کی راہ چند فیصلے نہیں روک سکتے، ملک بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈینٹل کالج کی آٹھ منزلہ عمارت دے کر کراچی کے عوام کو تحفہ دیا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت کو اگلی مدت ملی تو ہم کراچی کو لاہور سے بھی زیادہ ترقی یافتہ شہر بنا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں کہیں بجلی کا بحران نہیں ہے، کراچی میں بجلی بحران کی وجہ توانائی کی کمی نہیں بلکہ اسکی "مخصوص وجوہات"ہیں۔