اوکاڑہ ( نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے چیئرمینوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا،تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی مختصر دورے پر اوکاڑہ آئے جہاں پر انہوں نے سابق ویز مملکت و پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری کی میزبانی میں کارکنوں سے خطاب کیا جس کے دوران مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر بلدیاتی الیکشن میں چیئرمین منتخب ہونے والے سید اعجاز علی کرمانی ،سید رضا حیدر کرمانی،چوودھری انور ،نعیم گجر،زیلدار مقبول حسین، آزاد حیثیت میں چیئرمین بننے والے نور اللہ بودلہ،سابق تحصیل ناظم سید مراتب علی کرمانی،ممبر پنجاب بار کونسل سید علی ریاض کرمانی،پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر میونسپل کمیٹی رینالہ خورد کے وائس چیئرمین اشرف چشتی اور بلدیہ ینالہ کے کونسلر قاسم امیر نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ سید صمصام بخاری اور انور پاشا کی طرف سے دعویٰ کیا گیا کہ اوکاڑہ واحد ضلع ہے جہاں سے مسلم لیگ ن کے8یونین کونسل چیئرمین پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں۔قریبی ساتھیوں کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر جب وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سید عاشق حسین کرمانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ وہ رینالہ خورد والی قومی اسمبلی کی سیٹ پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں جن ساتھیوں نے ن لیگ چھوڑی ہے وہ اب دیپالپور والی قومی اسمبلی کی سیٹ میں آ گئے ہیں لہٰذا انہیں میں کیسے روک سکتا ہوں۔