• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹوانسٹیٹیوٹ کو این آئی سی وی ڈی کے تحت چلانے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی محکمہ صحت نے لیاری اسپتال میں قائم شہید محترمہ بینظیر بھٹوانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی ) کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے انسٹیٹیوٹ کو ادارے کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے آئندہ ماہ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ماہرین اور عملے کو انسٹیٹیوٹ میں تعینات کیا جائے گا اور لیاری کے عوام گھر کے قریب امراض قلب کی مفت سہولتوں سے مستفیض ہو سکیں گے ۔اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر نے بتایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کراچی میں این آئی سی وی ڈی کا پہلا سیٹلائٹ ہو گا۔کراچی جیسے بڑے شہر کیلئے این آئی سی وی ڈی جیسے کم ازکم چار اداروں کی ضرورت ہے ۔ہمارا ارادہ تھا کہ سندھ کے8اضلاع میں سیٹلائٹ مراکز کے قیام کے بعدہی کراچی میں سیٹلائٹ سینٹر کا کام شروع کیا جائے گا اور ہر ضلع میں ایک سینٹر بنایا جائے گالیکن سیکرٹری صحت سندھ ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو کی ذاتی دلچسپی پرکراچی میںپہلا سیٹیلائٹ شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آ ف کارڈیالوجی کو بنادیا گیا ہے اور اسے اپنےنظام سے منسلک کر دیا ہے ۔ انسٹیٹیوٹ میں تکنیکی کام جاری ہے جو رواں ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائیگا اور آئندہ ماہ اسے فعال کر دیا جائے گاجس کے بعد کراچی کے دیگر اضلاع میں بھی سیٹلائٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کے 6اضلاع میں سیٹلائٹ سینٹرز قائم ہو چکے ہیں دو اضلاع باقی ہیں جن میں رواں سال جون تک سیٹلائٹ سینٹر قائم ہو جائیں گے اس طرح سندھ کے 8اضلاع میں سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام سے پورے سندھ کی عوام گھر کے قریب امراض قلب کی مفت سہولیات حاصل کر سکے گی۔
تازہ ترین