• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک اور درباری نااہل ہوگیا، اب احسن اقبال کی باری ہے، تحریک انصاف

اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیرخارجہ خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ‘ترجمان فوادچوہدری ‘سینئر رہنماشیریں مزاری‘عثمان ڈارودیگرنے کہاہے کہ گاڈ فادر کا ایک اور درباری آج اسی انداز میں نااہل ہوگیا‘ اب احسن اقبال کی باری ہے‘علی بابا کے ساتھ 40 چوروں کا بھی احتساب ہو گیا ‘خواجہ آصف کی گردن سے سریانکال دیا‘وہ تھوڑی شرم وحیاکریں‘شوکت خانم اسپتال کے باہرپھل فروٹ کا ٹھیلالگائیں اورحلال روزی کمائیں۔جمعرات کو عمران نے وزیرخارجہ خواجہ آصف کی نااہلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گاڈ فادر کا ایک اور درباری آج اسی انداز میں نااہل ہوگیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کو چھپانے کے لئے اقامہ کا سہارا لینے والا ایک اور درباری نااہل ہوگیا،یہ لوگ کرپشن اور منی لانڈرنگ کوچھپانے کیلئے اقامہ کوبطورڈھال استعمال کرتے ہیں‘درباری بھی اپنے گارڈفادر کی طرح اقامے کی آڑ میں کرپشن اور منی لانڈرنگ چھپاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا‘عمران خان نے کہا کہ بے شک اللہ الحق ہے، خواجہ آصف نے شوکت خانم اسپتال کو نشانہ بنایا اور آج وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی بدنام ہوگئے ہیں‘خواجہ آصف نے شوکت خانم اسپتال کو نشانہ بنایا‘شوکت خانم الحمدا للہ قائم و دائم جبکہ یہ درباری آج پوری دنیا میں سرعام رسوا ہورہا ہے۔ عدالتی فیصلے سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بنی گالہ میں عثمان ڈار نے ملاقات کی جس کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے کیس کو جارحانہ انداز میں لڑنے پر عثمان ڈار کو شاباش دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ یہ کیس کسی کی ذات کا نہیں، پاکستان کے مستقبل کا تھا، خواجہ آصف نے ووٹ کے تقدس کو خود پامال کیا۔ ترجمان پی ٹی آئی فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی ڈی پی لگانے پرمریم نواز کومبارکباد دیتا ہوں‘مریم نواز نے نہال ہاشمی کی بھی ڈی پی لگائی تھی‘اب دیکھتے ہیں خواجہ آصف ٹریکٹر پرسیالکوٹ جاتے ہیں یا ٹرالی پر جاتے ہیں‘علی بابا کے ساتھ 40چوروں کا بھی احتساب ہو گیا ‘انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے‘خواجہ آصف کے بعد اب احسن اقبال کی باری ہے‘ابرارالحق سے مشاورت کی ہے وہ احسن اقبال کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کی گردن سے سریا نکال دیا‘نوازشریف اور خواجہ آصف قومی مجرم ہیں‘سیالکوٹ کے عوام کو خواجہ آصف سے نجات دلادی‘خواجہ آصف کو مفت مشورہ ہےکہ شوکت خانم اسپتال کے باہر پھل فروٹ کی ریڑھی لگاؤ، عوام کی دعائیں بھی لو اور حلال روزی بھی کماؤ۔جمعرات کو اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ خواجہ آصف نے پارلیمنٹ میں عمران خان کی شان میں گستاخی کی اور ان کے خلاف تضحیک آمیز کلمات کہے، پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کی گردن سے سریا نکال دیا ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹرشیری مزاری نے کہاہے کہ خواجہ آصف کچھ شرم کرو،کچھ حیا کرو، قوم سے معافی مانگو۔خواجہ محمد آصف کی نااہلی کے فیصلے کے بعدشیری مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ پہلے وزیر دفاع اور پھر وزیر خارجہ ہوتے ہوئے ایک غیر ملکی کمپنی کا مالک ہونا ہی مفادات کا تصادم تھا۔عثمان ڈار کی برسوں کی جدوجہد کی بدولت کیس منطقی انجام کو پہنچا اور بالآخر انصاف کا بول بالا ہوا۔
تازہ ترین