کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی یوتھ ہاکی ٹیم یوتھ اولمپک گیمز کے ایشین کوالیفائی رائونڈ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصلکرنے میں ناکام رہی۔ قومی یوتھ ٹیم کو جمعے کو بنکاک میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں12- 1کے بڑے مارجن سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے میچ میں جو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا گیا، قومی ٹیم آخری تین منٹ میں اپنی 3-1کی برتری کو قائم رکھنے میں ناکام ثابت ہوئی اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں نے کھیل کے اختتامی لمحات میں دو گول داغ کر میچ برابر کرتے ہوئے پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ پاکستان اپنے پول میں تیسری پوزیشن پر رہا اس نے پانچ میں سے دو میں کامیابی حاصل کی دو میں شکست کا سامنا کیا اور ایک میچ برابر کھیلا۔اس گروپ میں ملائیشیا نے اپنے پانچوں میچ جیت کر 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بنگلہ دیش نے پانچ میں سے تین میں فتح حاصلکی، ایک میں شکست کھائی اور ایم میچ برابر کھیل کر دس پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ایونٹ کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 29 اپریل کو کھیلا جائے گا، فائنل میں جگہ بنانے والی دو ٹیمیں رواں برس ارجنٹائن میں شیڈول یوتھ اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کریں گی، یوتھ اولمپکس گیمز 6 سے 18 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔