پشاور(نمائندہ جنگ)صوبائی دارالحکومت پشاو رمیں ٹریفک وارڈن ڈرائیونگ اسکولز میں پہلی مرتبہ 7 خواجہ سرائوں سمیت 300 مردوخواتین نے ڈرائیونگ کورس مکمل کرکے سرٹیفیکیٹ حاصل کرلئے ہیں۔ خواجہ سرائو ں کو آن لائن ٹیکسی کمپنی نے ملازمتوں کی آفر کر دی ہے،ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی نے ٹریفک ڈرائیونگ کورس مکمل کرنے والے خواجہ سرائوں سمیت خواتین ومردوں میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے اس سلسلے میں ٹریفک وارڈن پولیس کے تھانہ غربی میں ڈرائیونگ سکول میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایس ایس پی ٹریفک پشاور یاسر آفریدی تھے اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک (ایم ایل اے )گوہر علی ،پرنسپل ڈرائیونگ سکول حمید ہ بانو سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے اپنے خطاب میں ایس ایس پی ٹریفک پشاور یاسر آفریدی نے کہاکہ خواجہ سراء معا شر ے کا حصہ ہے ۔ خواجہ سرائوں کو پہلی مرتبہ ڈرائیونگ سکھائی اور سات خواجہ سرائوں نے ڈرائیونگ کورس مکمل کرلئے ہیں ڈرائیونگ سکول میں خواجہ سرائوں کے لئے علیحدہ کلاسز اور گاڑیاں مختص کی گئی ہے کورس مکمل کرنے والے خواجہ سرائوں کے لئے آن لائن ٹیکسی کمپنی کی جانب سے ملازمتوں کی آفرزبھی ہوئی ہے ۔