• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں یوم مئی منایا جاتا ہے

فیصل رئوف

یوم مئی دنیا کے 80سے زائد ممالک میں ،یکم مئی کو منایا جاتا ہے، عالمی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ جب شگاگو کا واقعہ ہوا تو دنیا کے بہت سے ممالک نے، مئی میں منائے جانے والے دیگر تہوار اور فیسٹیولز کو بالآخر اسی دن سے موسوم کرلیا، بالخصوص سوشلسٹ اور کمیونسٹ ممالک میں یکم مئی کے دن کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہوگئی۔ ان میں چین، شمالی کوریا، کیوبا اور روس شامل ہیں، یہاں لیبر ڈے کے موقع پر خصوصی پریڈز بھی ہوتی ہیں۔ امریکہ اور سابق سویت یونین میں سرد جنگ کے دوران ماسکو میں یوم مئی میں ہونے والی پریڈ میں اعلیٰ ترین حکام بھی شرکت کرتے ہیں ، بہرحال آج کل دنیا کے بیشتر ممالک میں یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ان کی دلچسپ تفصیل درج ذیل ہے۔

الجزائر میں1962سے یکم مئی کو عام تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مصر میں عام تعطیل ہوتی ہے اور کافی عرصہ قبل مصر کے صدر، یوم مئی کی تقریبات میں بطور خاص شرکت کرتے تھے۔ لیبیا میں کرنل قذافی کا تختہ الٹ جانے کے بعد 2012میں اب اسے قومی دن کے حوالے سے منایا جاتا ہے۔ نائیجریا میں اب یہ روایت بن چکی ہے کہ یکم مئی کو نائیجریا لیبر کانگریس کے صدر ،ورکرز سے خطاب کرتے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں1994سے یوم مئی کو سرکاری سطح پر منایا جاتا ہے۔ تنزانیہ، تیونس،زمباوے میں بھی اس روز تعطیل ہوتی ہے اور فلپائن میں یوم مئی 1930سے ایک تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے، جب لوگ چھٹی کے روز ایک دوسرے کی دعوتیں کرتے ہیں۔ کینیڈا میں لیبر ڈے ستمبر میں منایا جاتا ہے۔1894میں حکومت نے ہر ستمبر کے پہلے پیر کو کینیڈا کا سرکاری لیبر ڈے قرار دیا۔ امریکہ میں بھی یہی دن مقرر ہے تاہم اس روز مختلف ریاستوں میں مزدور اور ورکرز جلسے جلوسوں کا اہتمام ضرور کرتے ہیں۔ چلی میں1931سے یوم مئی سرکاری طور پر منایا جاتا ہے۔ کیوبا میں یوم مئی بہت تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے۔ اس روز ورکزر سڑکوں پر مارچ کرتے ہیں۔ پاناما میں بھی اس دن کو سرکاری حیثیت حاصل ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی یہ دن جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ اس روز کمیونسٹ اور سوشلسٹ پارٹیز تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔ بھارت میں سب سے پہلے یوم مئی مدارس(موجودہ چنائے) میں یکم مئی 1923کو منایا گیا۔ بھارت میں یہ پہلا موقع تھا جب سرخ جھنڈا لہرایا گیا۔ انڈونیشیا میں2014سے مئے ڈے، لیبر ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ 

اس روز ملک بھر کے مزدور سڑکوں پر آکر اپنے مطالبات پیش کرتے ہیں۔ ایران میں یہ دن انٹرنیشنل ورکرز ڈے کے نام سے موسوم ہے۔ ایران میں سرکاری تعطیلات کا جو شیڈول مقرر ہے اس میں ورکرز کے لئے یہ دن بھی شامل ہے۔ جاپان میں یوم مئی کو سرکاری حیثیت حاصل نہیں لیکن یہ دیگر قومی چھٹیوں کے درمیان آتا ہے اس لئے جاپانی ورکرز کی اکثریت اس روز چھٹی کرتی ہے۔ یکم مئی جاپان کے ’’گولڈن ویک‘‘ میں آتا ہے جب کئی تعطیلات ہوتی ہیں۔ ملائیشیا نے1972سے یوم مئی کو سرکاری تعطیل کے طور پر منانا شروع کیا۔ پاکستان میں بھی یوم مئی اہتمام سے منایا جاتا ہے۔ اس روز عام تعطیل ہوتی ہے اور محنت کش اس روز ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم نو کرتے ہیں۔ فلپائن، سنگا پور، جنوبی کوریا میں بھی اس روز عوامی تعطیل ہوتی ہے۔ فرانس میں یکم مئی کو پبلک ہالیڈے ہوتی ہے۔ اس روز ٹریڈ یونینز بڑے شہروں میں تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں اس روز اپنے ملنے جلنے والوں کو پھول بھی پیش کرتے ہیں۔ جرمنی میں اپریل1933میں حکومت نے یکم مئی کو ’’ڈے آف نیشنل ورک‘‘ قرار دیا تھا اور اس روز چھٹی کا اعلان کیا تھا۔ جرمنی میں آج کل اسے صرف لیبر ڈے کہا جاتا ہے۔ اٹلی میں1890سے لیبر ڈے منایا جارہا ہے۔ 

اس روز رنگا رنگ تقریبات بھی منعقد ہوتی ہیں۔ ناروے، پولینڈ اور پرتگال میں ورکرز ڈے کے طور پر منایا جانے والا یہ دن اس لحاظ سے یادگار ہوتا ہے کہ محنت کش پورے ملک میں پرامن ریلیاں نکالتے ہیں اور ایک جشن کا ساسماں ہوتا ہے۔ روس میں انقلاب سے پہلے یہ دن غیر قانونی طور پر منایا جاتا تھا تا آنکہ 1917میں اسے پہلی بار قانونی حیثیت دی گئی۔ اس موقع پر ریڈ سکوائر میں شاندار پریڈ ہوتی ہے۔ سویڈن ،سوئٹرز لینڈ میں بھی یوم مئی پر تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ سویڈن میں1938میں اسے پبلک ہالیڈے قرار دیا گیا۔ اس روز سٹاک ہوم میں نصف لاکھ سے زائد افراد کا اجتماع ہوتا ہے۔

ترکی میں بھی یوم مئی کو سرکاری حیثیت حاصل ہے۔1981میں یہ چھٹی منسوخ کردی گئی تاہم 2010میں اسے دوبارہ بحال کردیا گیا۔ برطانیہ میں 1978سے یوم مئی کی سرگرمیاں مئی کے پہلے پیر کو منائی جاتی ہیں۔ لندن میں، لندن مے ڈے آرگنائزئنگ کمیٹی ان تقریبات کا اہتمام کرتی ہے۔

تازہ ترین