• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلثوم اور مریم نواز کیخلاف مہم ایف آئی اے کی تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت کیخلاف تحقیقات

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور اہلیہ کلثوم نواز کے خلاف ڈیجیٹل میڈیا پر فحش اور نازیبا مہم جوئی پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خلاف ایف آئی اے اسلام آباد کے سائبر کرائم ونگ میں مسلم لیگ نون جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ ملک نور اعوان نے ڈیجیٹل میڈیا خاص طور پر ’ٹوئٹر‘ پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی جانب سے جاری کیے گئے غیر اخلاقی، فحش اور متنازعہ پیغامات کے پرنٹ بھی درخواست کے ساتھ منسلک کیے گئے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین گزشتہ کئی ہفتوں سے اپنی تحریروں اور سوشل میڈیا پر پیغامات میں کلثوم نواز اور مریم نواز کے خلاف انتہائی نازیبا اور فحش الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔ غیر اخلاقی ٹوئیٹس بھی کررہے ہیں۔ جس سے مہذب خواتین اور ہزاروں کارکنان کی رہنماوں کی بھی توہین ہوئی۔ اس غیر اخلاقی اور غیر مہذب سوشل میڈیا مہم سے کارکنان میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ درخواست گزار ملک نور نے سائبر کرائم ونگ سے فوری قانونی کارروائی کی اپیل کی ہے۔ درخواست میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے خلاف فوری طور پر سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق درخواست پر پھلواری رجسٹرڈ کرلی گئی ہے اس سلسلے میں فوری کارروائی کی جارہی ہے۔ "جنگ" سے بات چیت کرتے ہوئے ملک نور اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو فوری گرفتار کیا جائے، ملک نور اعوان کے مطابق عامر لیاقت حسین تحریک انصاف کے رہنما ہیں لہذا تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو اسی طرح سرعام معافی مانگنی چاہیے جس طرح رانا ثناء اللہ کے بیان پر میاں شہباز شریف نے معذرت کی۔ بصورت دیگر ن لیگ کے کارکنان اسلام آباد میں بنی گالہ کا گھیراو کریں گے اور جب تک عمران خان اور عامر لیاقت حسین معافی نہیں مانگتے دھرنا دیا جائے گا۔
تازہ ترین