• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ججز کیلئے جسٹس منیب رول ماڈل ہیں،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کہاہے کہ جونیئر ججز کے لئے جسٹس منیب رول ماڈل ہیں،آئی جی سندھ کی تقرری سمیت کئی مثالی فیصلے کئے۔جسٹس منیب اختر نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ساڑھے 8 سال انصاف فراہم کرنے کا موقع ملا۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی بار کے صدر حیدرامام نےکہا کہ آؤٹ آف ٹرن پرموشن کے خلاف اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کا اطلاق خود عدلیہ پر بھی ہوتا ہے،سینئرجج کی جگہ جونیئرجج کو ترقی دینے سے عدلیہ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے‘اس تنقید پر ہی سندھ بارکونسل کو شرکت سے روک دیا گیا جو قابل افسوس ہے‘سینئرز وکلا کو فوری حکم امتناع مل جاتا ہے یہ سلسلہ ختم ہونا چائیے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی صدارت میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہوا جس میں عدالت عالیہ کے تمام جج صاحبان شامل رہے‘ریفرنس میں اظہارخیال کرتےہوئے صدر کراچی بار ایسوسی ایشن حیدر امام رضوی ایڈووکیٹ نے کہاکہ سندھ بارکونسل کے وائس چیئرمین کو فل کورٹ ریفرنس میں نہ بلایا جانا قابل افسوس ہے‘بار اور بنچ کے درمیان ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے‘معاملات کو احسن اندازمیں چلانے کےلیےعدالتیں سینئر اور جونئیر وکلا سے یکساں سلوک کریں۔اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ جسٹس منیب اختر نے کئی اہم فیصلے دئیے،عدالت عالیہ کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔صدر ملیر بار شرف الدین جمالی نے کہاکہ جسٹس منیب اختر کی سندھ ہائی کورٹ کو زیادہ ضرورت ہے ،ہماری خواہش ہے کہ جسٹس منیب اختر مزید 5 سال سندھ ہائی کورٹ میں رہیں‘جسٹس منیب اختر نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے ساڑھے 8 سال انصاف فراہم کرنے کا موقع ملا اس دوران اگر کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں‘ریفرنس کے آخر میں میں چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے خطاب کیا اور اپنے تاثرات میں کہاکہ جسٹس منیب اختر نہ صرف بہترین جج بلکہ اچھےدوست بھی ہیں،جونئیر ججز کے لیے جسٹس منیب اختر رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں انہوں نے مزید کہاکہ جسٹس منیب اختر نے آئی جی سندھ کی تقرری سمیت کئی مثالی فیصلے کیے،جسٹس منیب اختر کو سول قوانین کے ساتھ ساتھ کرمنل قوانین پر بھی عبور حاصل ہے۔واضح رہےکہ سندھ بارکونسل کو جسٹس منیب اختر کی سپریم کورٹ میں نامزدگی کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر پہلے دعوت نامہ جاری کیا گیا لیکن تقریب سے قبل دعوت نامہ منسوخ کرتےہوئے ان کو شرکت سے روک دیاگیا تاہم ہائی کورٹ بار ،کراچی بار اور ملیر بارایسوسی ایشن کو باضابطہ طورپر دعوت دی گئی حالانکہ جسٹس منیب اختر کی بطور سپریم کورٹ میں جج کی نامزدگی پر ہائی کورٹ بار،کراچی بار اور ملیر بار کا بھی موقف ہے جو سندھ بارکونسل نے بیان کیاہے۔
تازہ ترین