اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) آئندہ عام انتخابات میں عوامی مقبولیت کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی طرف سے ایک معروف کمپنی کے سروے کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں جس میں دلچسپ بات یہ ہے کہ راولپنڈی میں چوہدری نثار علی خان کی دونوں حلقوں میں مقبولیت پارٹی سے بڑھ کر ہے۔ حلقہ این اے 63 میں پی ٹی آئی اور پی ایم ایل(ن) میں مقبولیت کے اعتبار سے دو فیصد کا فرق ظاہر کیا گیا۔ سروے کے مطابق 40 فیصد لوگوں نے پی ایم ایل(ن) اور38 فیصد نے تحریک انصاف کے حق میں ووٹ دینے کا عندیہ دیا ہے مگر جب امیدواروں کے حوالے سے سروے کیاگیا تو چوہدری نثار علی خان مقبولیت میں کہیں آگے تھے۔ 49 فیصد نے چوہدری نثار کے حق میں اور 36 فیصد نے سرور خان کے حق میں رائے دی۔ دوسرے حلقے این اے 59 کے حوالے سے سروے میں مزید کہا گیا کہ اس حلقے میں 51 فیصد لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں اور 26 فیصد نے تحریک انصاف کے حق میں ووٹ دینے کی بات کی اور جب اسی حلقے میں امیدواروں کی مقبولیت کا سروے کرایا گیا تو چوہدری نثار کو 63 فیصد، کرنل اجمل صابر راجہ کو 17 فیصد لوگوں نے ووٹ دینے کا عندیہ دیا۔ سروے سے پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ دونوں حلقوں میں تحریک انصاف کے ووٹرز بھی چوہدری نثار سے متاثر ہیں۔