• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
2018 میں دنیا کی عظیم ترین رہنما کاروباری خواتین

دنیا جیسے جیسے ترقی کے قدم بڑھاتی جارہی ہے یہ احساس فزوں تر ہورہا ہے کہ اس دنیا کو محبت وامن، احترام و خلوص سے بھرنے کے لیےہمیں بہر کیف عورت کی جادوئی مسکراہٹ اور دلکش سراپے کی ضرورت پڑے گی ۔مادرِ کائنات ہونے کے ناطے وہی ممتا کی شفقت اور درد مند ہمدرد دل سے دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتی ہیں۔ 

اتنا ہی نہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں ملٹی نیشنل کمپنیاں خواتین کو باس کے اہم مرتبے پر فائز کررہی ہیں جنہوں نے اپنی مسکراہٹ ، فطانت و ذہانت، ٹھنڈے دل و دماغ اور تکنیکی مہارت سے ثابت کردیا ہے کہ ان کے کردار کو کسی طرح کم نہیں کیا جاسکتا۔ جس کا ثبوت امریکی جرید ے’’فارچون‘‘ کے’’2018میں دنیا کے 50عظیم ترین رہنما‘‘ میں شامل زیر نظر کاروباری دنیا سے تعلق رکھنے والی رہنما خواتین کی صورت دیا جاسکتا ہے۔

مارگریتھ ویسٹگر

کمشنر برائے کمپیٹشن یورپین یونین مارگریتھ ویسٹگر کو ٹیکس ماہر تسلیم کیا جاتا ہے،جن کا نام اس وقت منظر عام پر آیا جب ’’فیس بک‘‘ پر جعلی خبر سے انہوں نے امیزون اور گوگل کی قانون سازی کا بل پاس کیا۔ ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی ویسٹگر خود آئی فون اور ٹوئٹر استعمال کرتی ہیں لیکن ان کمپنیوں کے اخلاقی ضوابط مرتب کرنے کے لیے قانون سازی کے حوالے سے بہت سخت قانون داں ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آئرلینڈ میں غیر قانونی طورپر ٹیکس فوائد حاصل کرنے کے عدالتی فیصلے کے بعد 2016میں ایپل پر 14.5بلین ڈالر کا ٹیکس بھی عائد کرتے ہوئے کسی رو رعایت سے کام نہیں لیا کہ ایپل میری من پسند کمپنی ہے۔ جس پر ٹم کک آپے سے باہر ہوگئے اور کہا کہ یہ مکمل طورپر سیاسی ہراسیت ہے تاہم اب دنیا بھر کے سیاست دان اور قانون ساز بھارت سے برازیل حتیٰ کہ امریکا تک ان کے اصولوں کو رول ماڈل کے طورپر اپنائے ہوئے ہیں۔

میری بارا

سب سے زیادہ ریوینو کمانے کے ضمن میں زمین پر اتنی بڑی کمپنی کوبارا کے سوا کوئی نہیں چلا رہا۔ ایک ایسے دور میں کہ جب آٹو موٹو اسٹار ٹ اپس نے سرخیوں میں جگہ پالی ہے۔ 109سالہ جنرل موٹرز نے خاموشی سے شہرت سے دور برقی کاروں کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کردی ہے اور ٹیسلا کے ماڈل 3کو اپنی شیورولیٹ بولٹ EVسے مارکیٹ میں مات دے دی ہے جس کی فروخت کا حجم ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔اس میں بارا کے کردار کو کسی طور فراموش نہیں کیا جاسکتا کہ جب کمپنی کی ساکھ متاثر ہونے کا اسکینڈل سامنے آیا تو انہوں نے جنرل موٹرز کے کارپوریٹ کلچر کی از سر نو تنظیم سازی کرتے ہوئے اسے خود کارگاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کے ایک نئے مستقبل میں لے کر آگئیں اور اب شیوی بولٹ آئندہ برس اسٹیئرنگ کے بغیر ہوگی جس میں آپ آرام فرما رہے ہوں گے اور وہ خود ڈرائیور کا فریضہ انجام دیتے ہوئے آپ کو گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر پہنچایا کرے گی۔

ازبیلے کوچر

سابقہ جی ایف ڈی سوئز کے نام سے جانی جانے والی توانائی کی کمپنی اینجی کو کوچر نے صرف دو سال کے مختصر عرصے میں مستقبل کی بڑی کمپنی کے روپ میںابھار کر ثابت کردیا کہ خواتین اپنی ذہانت و تنظیمی صلاحیتوں کے حوالے سے کسی طرح مردوں سے کم نہیں ۔ تیل و گیس کا ورثہ رکھنے والی یہ کمپنی اب متبادل توانائی کے ذرائع اورڈی کاربنائزیشن سے توجہ مرکوز کررہی ہیں جس نے اپنی کمپنی کو آلودگی کے اثرات سے بچانے کے لیے 15بلین ڈالر کے آلودہ اثاثے فروخت کرکے ماحول دوست آلات کی خریداری کرکے کمپنی کو ماحول دوست روپ دیا ہے۔ کوچر فرانس کی CACکی 40کمپنیوں میں واحد خاتون ہیں جو اس اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔ حال ہی میں اینجی کی منقسمہ رقوم کی مد میں بہتری آئی اور دو سال کے بعد منافع میں اضافہ ہوا جو کوچر کی کاروباری ذہانت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کیٹی بیتھل

2018کا سال وال مارٹ، اسٹار بکس اور CVSجیسی امریکی کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے اس لحاظ سے نیک شگون رہا کہ بلیو کالر ورکرز کو 2.8ملین کا مالیاتی تحفظ مہیا کرتے ہوئے ادائیگی شدہ فیملی چھٹیوں کے فوائد میں اضافہ کیا گیا جس سے کمپنی میں کام کرنے والوں کی دلچسپی بڑھ گئی ساتھ ہی 38سالہ بیتھل کی صورت میں PL+USمیں منافع کی ایک نئی لہر دوڑ گئی۔اس غیر منافع کمپنی کی داغ بیل انہوں نے 2016میں ڈال کر ثابت کیا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود سے ترقی ممکن ہے۔

اندراجے سنگ

جب بھارت کے غریبوں کو اپنی آواز اٹھانے کی ضرورت پڑتی ہے توجے سنگ ہر وقت ان کی مدد کے لیے تیار رہتی ہیں۔ جو ایسی وکیل ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی بے انصافی کے خلاف آواز اٹھانے میں صرف کردی۔ انہوں نے 1984میں بھوپال گیس دھماکے سے ہلاک شدگان کے پسماندگان ور متاثرین کی قانونی مدد کی۔ مردوں کے مقابلے میں شامی مسیحی خواتین کو املاک کے مساوی حقوق دلانے اور بھارت کے پہلے گھریلو تشدد کی روک تھام کا قانون بنانے میں معاونت کی۔ آج کل وہ اقوام متحدہ کی طرف سے میانمار میں قانونی وکیل مقرر کی گئی ہیں تاکہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور تشدد کے واقعات کی تفتیش کریں۔

گائنے شاٹ ویل

اگر آپ نجی راکٹ پر چاند اور مریخ کی سیر کرنا چاہتے ہیں تو بلاشبہ آپ کو شاٹ ویل سے رابطہ کرنا پڑے گا، جس کی منظوری کے بغیر آپ کے لیے خلائوں کی سیر ممکن نہ ہوگی۔ اس کے لیے بھی آپ کو خاتون کی خدمت میں سلام پیش کرنا ہوگا۔ 2002میں جب شاٹ ویل نے اسپیس ایکس جوائن کیا تو وہ ملازم نمبر گیارہ تھیں مگر اب اس ادارے میں چھ ہزار سے زائد ملازم اور 12بلین ڈالر مالیت کے کنٹریکٹس ہیں۔ اب وہ وقت دور نہیں کہ مریخ کی سیر کے لیے آپ کو فالکن ہیوی راکٹ کی پرواز کا پروانہ شاٹ ویل سے لینا ہوگا۔ جنہیں عظیم ترین رہنمائوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین