• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکم ’’اوپر‘‘ سے آیا ہوگا، مریم، جنہیں سزا ملنی چاہئے وہ بری ہورہے ہیں، نواز شریف

حکم ’’اوپر‘‘ سے آیا ہوگا، مریم، جنہیں سزا ملنی چاہئے وہ بری ہورہے ہیں، نواز شریف

لاہور (ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے عمران خان کے ایس ایس پی تشدد کیس میں بری ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اوپر سے حکم آیا ہو گا"۔میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے مریم نواز سے موقف لینے کیلئے سوال کیا کہ "عمران خان بری ہو گئے" جس کا مریم نواز نے جواب دیا کہ اوپر سے حکم آیا ہو گا۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے قائد اورسابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہاہے کہ جنہیں سزاملنی چاہئے وہ بری ہورہے ہیں اورجنہیں بری ہوناچاہئے انہیں نااہل کردیاگیا ‘ عمران خان کے کان میں کس نے ڈالا کہ الیکشن ملتوی ہورہے ہیں ‘اوئے توئے کرنے والے نے خیرپختونخوا کا سربھی شرم سے جھکادیا ‘الیکشن میں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں ہونے دیں گے‘ مخالفین کے ہتھکنڈوں کا مسلم لیگ (ن) ڈٹ کر مقابلہ کرے گی‘مجھے مخالفین کی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا‘ ان کا تو اپنا ریکارڈ درست نہیں ہے، ہمارا مقابلہ آصف زرداری اور عمران خان سے نہیں بلکہ ان قوتوں سے ہے جو پاکستان کی حامی نہیں، ہمیں ان قوتوں کو شکست دینی ہے، عمران خان کو کس نے کہا تھا کہ بڑی وکٹ گرنے والی ہے‘وہ کس کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں‘ ہمیں سب معلوم ہے‘ میرے سینے میں بہت سے راز دفن ہیں، وقت آنے پر ضرورت کے مطابق تمام رازوں کو افشا کر دیا جائے گا، بلوچستان سے ایسا چیئرمین سینیٹ لایا گیا جس کو اس کا ہمسایہ بھی نہیں جانتا، عمران خان کا ضمیر کہاں گیا جب انہوں نے سینیٹ الیکشن میں زرداری کو ووٹ دیا‘عمران نے نیا پاکستان تو بنایا نہیں پرانے کا بھی ستیا ناس کر دیا ہے۔وہ جمعہ کویہاں پارٹی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ چین نے شہباز شریف کو پنجاب اسپیڈ کہا ہے، لواری ٹنل پر 1975میں کام شروع ہوا اور آج ہمارے دور میں یہ مکمل ہوئی ہے‘ ہمیں کوئی دو سال سے زیادہ رہنے نہیں دیتا، پہلے بھی دو باہر نکال دیا گیا اور اب چار سال بعد حکومت سے نکال دیا‘اب تو سب مسلم لیگ (ن) کے خلاف برسرپیکار ہو گئے ہیں جو پہلی بار ہورہا ہے پھر بھی لوگ جوق در جوق آ کر ہمیں سپورٹ کر رہے ہیں‘اللہ تعالیٰ مجھے راستہ دکھا رہا ہے اور مجھے اندھیرے کے آخر میں روشنی نظر آرہی ہے، انسان غلطیاں کرتا ہے اور ہم نے بھی کی ہیں‘ اللہ ان گناہوں کو معاف فرمائے‘عمران خان نے دھرنوں اور جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اگر یہ کام کرتے تو آج کے پی کے کی ترقی منہ سے بول رہی ہوتی۔

تازہ ترین