کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائوتھ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے15رکنی پاکستان کی جوڈو ٹیم جمعرات کو اسلام آباد سے بھارت روانہ ہوگی۔ ٹیم میں6مرد، 6 خواتین اور تین آفیشلز شامل ہیں۔ ایکریڈیشن جاری نہ ہونے پر مریم ٹیم میں شامل نہیں ہوں گی ان کی جگہ ارم شہزاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ مرد کھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ، مدثر علی، بابر حسین، امتیاز حسین، قیصر جان اور افضل بشیر جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں حمیرہ عاشق، مریم، شمائلہ گل، عنبرین مسیح، بینش خان، فوزیہ ممتاز اور آفیشلز میں کوچ سجاد کاظمی، طالب حسین اور سارہ نثار شامل ہیں۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے ایونٹ کی تیاری کیلئے پشاور میں بھر پور تیاری کی ہے، ہیڈ کوچ سجاد کاظمی نے کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دی ہے۔ شاہ حسین شاہ نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔