گوہاٹی( نصراقبال، نمائندہ خصوصی) پاکستان نے سائوتھ ایشین گیمز ہاکی ٹور نامنٹ میں پاکستان کی وائٹ ہاکی ٹیم نے اپنے آ خری میچ میں بنگلہ دیش کو0-6گول سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ۔ میگا ایونٹ میں بدھ کو کھیلوں کے اختتام پر میز بان بھارت کے ایتھلیٹ چھائے رہے، بھارت نےاب تک117گولڈ،61سلور16برانز میڈلز حاصل کئے ہیں اس کے تمغوں کی مجموعی تعداد194ہوگئی ہے اور اسکے کھلاڑی ڈبل سنچری کے قریب آ گئے ہیں۔ پاکستان نے سات گولڈ، 20سلوراور32کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔ایونٹ میں پاکستان نے جیت کی ہیٹ ٹرک کرلی۔پاکستان نے یکطرفہ مقابلے میں بنگلہ دیش کو 0-6 سے شکست سے دوچار کیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف رحمان نے 63,65 منٹ میں دو گول اسکور کئے۔کھیل کے دوسرے منٹ میں عمر نے گول بناکر کر پاکستان کی ٹیم کو برتری دلادی۔ساتویں منٹ میں علی شان نے دوسرا گول داغا۔پاکستان کی جانب سے تیسرا گول 34ویں منٹ میں ارسلان قادر نے اسکور کیا۔مظہر عباس نے 58ویں منٹ میں ایک گول بنایا، بنگلہ دیش کی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کرسکی۔ میچ کے اختتام کے بعدپاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد ثقلین نے کہا ہے کہ ہم فائنل میں کامیابی کے ساتھ قوم کو خوشی دیں گے۔ دریں اثنا مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھارتی پلیئر ساکتھ نے اعصام الحق کو 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں بھی اعصام اور اوشنا سہیل کو سیمی فائنل میں بھارتی جوڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔مکس ڈبلز ٹینس ایونٹ میں بھارت کےڈیویج شاران اورانکیتا رائنا نے سونے کا تمغہ جیتا ۔پاکستان کے اعصام اور اوشنا کو کانسی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا جبکہ سری لنکا کے ہرشانہ گوڈمانااورمریتھا متھایا نے برانر میڈل اپنے نام کیا۔خواتین ڈبلز میں سارہ منصور اورایمان قریشی نےکانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی اسکواش ٹیمیں بھارت سے ہار گئی،ہینڈ بال میں پاکستان نے مردوں کے مقابلے میں افغا نستان کو ہرادیا۔پول والٹ مردوں کے مقابلوں میں سری لنکا کے سندروان پہلے بھارت کے سونوسینی اورپاکستان کے ریحان انجم نے تیسرے پوزیشن حاصل کی۔ مینز جیولین تھرو میں بھارت کے نیراج چوپڑا پہلے،سری لنکا کے رانا سنگھ دوسرے اورپاکستان کے ارشد ندیم نے تیسرے نمبر پر رہے۔ 110میٹر مینز ریس میں بھارت کے سریندھر نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، پاکستان کے محسن علی نے تیسری پوزیشن اپنے نام کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیتا۔ 400میٹر مردوں کی دوڑ میں اسد اقبال اورمحبوب علی نے کانسی کے تمغے اپنے نام کئے۔ پاکستان نے شوٹنگ ایونٹ میں ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ پاکستانی شوٹر کلیم اللہ نے کانسی جبکہ پاکستانی ٹیم نے ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ا سکوائش ٹیم ایونٹ میں پاکستان کی مینز اینڈ ویمنز ٹیموں کو روایتی حریف بھارتی ٹیموں کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم نے پاکستان کو 2-1 سے زیر کیا، پہلے سنگل مقابلے میں ساروگوشال نے ناصراقبال کو شکست دی، دوسرے سنگل مقابلے میں بھارت کے کش کمار نے پاکستان کے فرحان زمان کو ہرایا، تیسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کے دانش اطلس نے بھارتی پلیئر کو شکست دی تاہم وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے، دوسری جانب ویمنز ٹیم ایونٹ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو زیر کیا، پہلے سنگل مقابلے میں بھارت کی جوشنا نے پاکستان کی ماریہ طور کو شکست دی، سعدیہ گل نے دوسرے میچ میں بھارتی کھلاڑی کو ہرا کر مقابلہ برابر کر دیا تاہم تیسرے سنگل مقابلے میں بھارتی کھلاڑی نے پاکستان کی ثمر انجم کو ہرا کر ٹیم کو 2-1 سے کامیابی دلائی۔