حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے احترام رمضان آرڈنینس کے تحت رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہوٹلوں‘ کیفے ٹیریا‘ ریستوران بندکرنے کے احکامات کے خلاف دائر 2درجن سے زائد درخواستوں پر حیدرآباد‘ بدین‘ سانگھڑ‘ میرپورخاص کی ضلعی انتظامیہ‘ سرکاری وکلا کو نوٹس جاری کرکے 15 مئی کو جواب طلب کرلیاہے۔ سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں سانگھڑ کے ہوٹل مالک جاوید علی سمیت حیدرآباد‘ بدین‘ میرپورخاص‘ ٹنڈوا لہ یار ودیگرعلاقوں میں بس اسٹاپ‘ ریلوے اسٹیشن اور اہم شاہراؤں پر قائم ہوٹل‘ چائے خانوں کے مالکان کی جانب سے دائر دو درجن سے زائد درخواستوں میں کہاگیا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے یکم رمضان سے ہوٹلوں کو دن کے اوقات میں بندکرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے باعث وہ اوران کا عملہ شدید متاثر ہے جبکہ ان کے ہوٹلوں میں مسافروں اوراقلیتوں کے لئے کھانے پینے کا انتظام ہوتا ہے جس کی اجازت ہے۔ درخواست گذار وں نے استدعاکی کہ احترام رمضان آرڈنینس پرعمل کرتے ہوئے انہیں کاروبار کی اجازت دی جائے۔