• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک پر حکم امتناع دینے سے چیف جسٹس نے منع کیا ہے،جسٹس جواد

سی پیک پر حکم امتناع دینے سے چیف جسٹس نے منع کیا ہے،جسٹس جواد

لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیرملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے اور چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیا ہے کہ سی پیک پر کوئی حکمِ امتناعی جاری نہیں کیا جائے گا، سی پیک پر آپسی لین دین اور دیگر تنازعات کو عدالتوں سے باہر حل کرنا ہو گا اور غیرملکی سرمایہ کاری میں کوئی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک نجی یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’بین الاقوامی مصالحتی عدالتیں، سی پیک اینڈ لا اینڈ آرڈر‘‘ کے موضوع پرنجی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو بلاوجہ کے کیسز کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے تاہم زیرالتواء کیسز کو تیزی اور دیانتداری سے نمٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک جیسے کیسز سے بہت کچھ سیکھا، سی پیک کے کاروباری لین دین عدالتوں سے باہر حل کئے جائیں، غیرملکی سرمایہ کاری میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر ایس ایم نوید نے کہا کہ سی پیک سے سرمایہ کاری کے ساتھ روز گار کے مواقع بھی ملیں گے، تاہم ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کی آڑ میں جعلی کمپنیوں اور افراد کی حوصلہ شکنی کریں۔ مقررین نے چیف جسٹس کی طرف سے زیرالتواء کیسز جلد نمٹانے کی پالیسی کو خوش آئند قرار دیا۔

تازہ ترین