امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں گالی گلوچ اور اچھل کود کی سیاست دم توڑ رہی ہے پشاور کی بیوٹی فیکیشن پر بڑا پیسہ خرچ ہوا تھا وہ سب کچھ ضائع ہوگیا ہے۔
پشاور کے علاقہ چمکنی میں حفاظ قرآن کی دستار بندی تقریب سےخطاب میں سنیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار کا دور ختم ہو رہا ہے، متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد نوجوان علماء کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں ایسی اسلامی حکومت دینگے ،جس میں مہنگائی ، بدامنی کا نام و نشان نہیں ہوگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے کو تاخیر سے شروع کیا گیاجس سے اب شہر اور شہری پریشان ہیں اور منصوبہ خطرے میں پڑ گیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ بجٹ میں دینی مدارس کے 35 لاکھ طلبہ کے لئےکوئی فنڈ نہیں رکھا جاتا حالانکہ نظریہ اور ملک کا دفاع دینی مدارس ہی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کو سالانہ دس ارب روپے پر ٹرخایا جا رہا ہے۔