اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی میزبانی میں کل جماعتی کشمیرمشاورتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سمیت آزادکشمیر ،مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے قائدین نے شرکت کی ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا تو پاکستان کی سلامتی محفوظ ہو گی،کشمیرکی آزادی کے لیے خون کے آخرے قطرے اور زندگی کے آخری سانس تک لڑیں گے کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ،پاکستان کے قومی قائدین ذرا سوچیں کہ اگر پنجاب کی طرف بہنے والے دریا بند کر دئیے جائیں تو پنجاب میں کروڑوں لوگ ہجرت پر مجبور ہو جائیں گے اور یہ بنجر صحرا میں تبدیل ہو جائے گا اس لیے اہل پاکستان جاگیں اور مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والی جدوجہد کی مدد اور حمایت کریں ،انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی غیر فوجی امداد کرے ،ایک مستقل نائب وزیر خارجہ کا تقررکرے جس کا کام صرف مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہو انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو بجٹ میں حصہ دیا جائے ،گلگت بلتستان ہو گا تو سی پیک ہو گا مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا تو پاکستان کی سلامتی محفوظ ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کشمیریوں سے مشاورت کی ہے اسلا م آباد ،مظفرآباد،برطانیہ برسلز اور نیویارک میں بین الاقوامی کشمیرکانفرنسز کا انعقاد کریں گے ،انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر قابض بھارتی افواج ظلم کی انتہا کررہی ہے اور ہمارا میڈیا ان مظالم کو بے نقاب کرنے میں کوہتائی کررہا ہے میں میڈیا کو کہتا ہوں کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرے یہ ہماری سلامتی کامسئلہ ہے انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔