• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آلو بخارے کھائیں۔۔خود کو صحت مند بنائیں

آلو بخارا گرمیوں کی ٹھنڈی سوغات ہے۔ رمضان کی آمد آمد ہے تو اس کی افادیت افطار میں اور بھی بڑھ جاتی ہے۔موسم گرما میں گرم اشیاءاور پھل جیسے آم وغیرہ بکثرت کھائے ہوں یادیگر گرم اور خشک غذائیں استعمال کی ہوں ان کی گرمی خشکی نیز صفرا اور خون کی حدت کی وجہ سے جسم پر ہونے والی کھجلی اور خارش کیلئے خشک آلو بخاروں کا زلال اور تازہ آلو بخاروں کا رس بہت نافع ہے ۔ 

سرد تر تاثیر کا حامل یہ پھل حقیقی طور پر ترش ہے مگر پختہ ہوکر جب اس کا رنگ سیاہی مائل ہوجائے تو شیریں ہوجاتا ہے۔ اس کے پودے کشمیر‘ ہمالیہ‘ پاکستان‘ افغانستان اور ایران میں بکثرت پائے جاتے ہیں جبکہ اس کا اصلی مسکن دمشق ہے۔ 

جگر کی گرمی کو دور کرکے اسے تقویت بھی بخشتا ہے جب کہ بد ن کو طاقت‘ توانائی اور شادمانی و سرور کی کیفیت سے بھی آشنا کرتا ہے۔ آلو بخارا کے پتوں کا چبانا مسوڑھوں کو مضبوط بناتا ہے اور اس کے رس کا نگلنا دیدان امعاءکیلئے بہت فائدہ مند ہے۔ ترش آلو بخارا قابض اور ذیابیطس میں مفید ہوتا ہے۔ اس کا رنگ سرخی سیاہی مائل، زرد کا ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ پختہ شیریں اور کچا ترش ہوتا ہے، اس کا مزاج سرد درجہ اول اور تر درجہ دوم ہوتا ہے۔ اس کی مقدار خوراک دس سے تیس دانے تک ہوتی ہے۔ 

آلو بخارے کھائیں۔۔خود کو صحت مند بنائیں

اس کے کثیر فوائداس طرح ہیں:

٭ طبیعت کو نرم کرتا ہے۔٭ پیاس کو تسکین دیتا ہے۔

٭ خون کے جوش کو کم کرتا ہے، اسلئے بلڈپریشر کے مریضوں کو مفید ہے۔

٭ مسکن صفراءاور ملین ہوتا 

٭ متلی میں استعمال بے حد مفید ہوتا ہے۔

٭ گرمی کے سر درد میں آلو بخارہ مفید ہوتا ہے۔

٭ زخموں کو جلدی ٹھیک کرتا ہے۔ 

٭ اگر آلو بخارے کے پتے رگڑ کر ناف کے نیچے لیپ کیا جائے تو آنتوں کے کیڑے خارج ہو جاتے ہیں۔

٭ نزلے کو روکنے کےلئے آلو بخارے کے پتوں کا جو شاندہ بنا کر غرارے کرنا مفید ہوتا ہے۔ 

٭ آلو بخارے کا مربہ فرحت بخش اور قبض کشا ہوتا ہے۔

٭ رات کو سوتے وقت اگر آلو بخارے کے دس دانے کھائے جائیں تو صبح کو اجابت صحیح ہوتی ہے 

٭ خارش کو دور کرنے کےلئے آلو بخارے کا مسلسل استعمال بے حد مفید ہوتا ہے 

٭ کھانسی میں اس کا استعما ل نقصان دہ نہیں ہوتا۔ 

٭ منہ اور حلق کی خشکی کو دور کرتا ہے۔

٭ وٹامن اے ، بی ، پی اور سی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

٭ دماغی کام کرنے والوں کےلئے یہ بہترین غذا ہے۔

٭پاؤں کی جلن کو دور کرتا ہے

٭چڑ چڑے مزاج والوں کےلئے یہ بہترین پھل ہے۔٭نیند کی کمی کی مرض میں آلو بخارے کا استعمال بہترین ہوتا ہے۔

٭یرقان جیسے موذی مرض میں ایک پاؤ آلو بخارا، زیرہ سفید اور گوکھرو (پھکڑا)ہم وزن کا سفوف بنا کر دو ماشے سفوف ہمراہ مذکورہ بالا آلو بخارا دن میں تین دفعہ استعمال کرنا بے حد مفید ہوتا ہے۔٭جلدی بیماریوں میں آلو بخارےکے استعمال کے ساتھ ساتھ ایک دفعہ شربت عناب روزانہ پینا مفید ہوتا ہے۔

٭پتے کی پتھری بننے سے روکنے کے لئےاس کا استعمال بے حد مفید ہوتا ہے۔ اس سے بعض دفعہ بنی ہوئی پتھریاں پگھل کر پتے سے نکل جاتی ہیں۔ لیکن شرط یہ ہے کہ آلو بخارے کا روزانہ استعمال اس کے موسم میں معمول بنا لیا جائے۔ اگر موسم نہ بھی ہوتو خشک کو بھگو کر استعمال کیا جا سکتاہے۔

٭آلو بخارے کی چٹنی بھی بے حد مفید ہوتی ہے جو کہ ہاضم غذا اور لذیذ ہوتی ہے، اس چٹنی کے بنانے کی ترکیب کچھ یوں ہے۔ آلو بخارا خشک نصف کلو، چینی ایک کلو، رس لیموں ایک پاؤ، کشمش ایک پاؤ، چھوہارے ایک پاؤ، پودینہ نصف کلو، بڑی الائچی پانچ دانے، گری بادام، چھوٹی الائچی ، کالی مرچ، ادرک ، ،لال مرچ اور نمک ہر ایک پانچ تولے۔رات کو آلو بخارا دھو کر بھگو دیں صبح اچھی طرح سے مسل کر پیس لیں۔ ادرک اور پودینہ بھی رگڑ کر چٹنی بنا لیں اور آلو بخارے کو چٹنی کے ہمراہ ابال لیں۔ کشمش اور چھوہارے بھی کترے ہوئے اس میں ڈال دیں، تین چار ابالے دے کر نیچے اتار کر تمام اشیا ءاس میںملا دیں، بس چٹنی تیار ہے۔

٭ آلو بخارے کا شربت بھی تیار کیا جاتا ہے، جو خشک آلو بخارے ،عرق گلاب اور چینی سے تیار ہوتا ہے۔ قبض ، گرمی ، خارش اور جوش خون کے لئے مفید ہوتا ہے، اسکے علاوہ یرقان، غلبہ پیاس اور درد سر میں بھی فائدہ دیتا ہے۔ 

٭آلو بخارے کا رس ایک تولہ گرم کر کے پینا گلے کے ورم اور قے کے لئے مفید ہوتا ہے۔ 

٭صفراءکو خارج کرنے کےلئے پندرہ دانے آلو بخارا کے لیں اور رات کو بھگو کر صبح مل چھان کر چینی ملا کر چند روز تک پینے سے فائدہ ہوتا ہے۔

٭ اگر گردوں میں تکلیف ہو اور پیشاب رک رک کر آتا ہو تو آلو بخارے کا استعمال اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔

٭خون کے کینسر میں آلو بخارے کا استعمال بے حد مفید ہوتا ہے اور ابتدائی کینسر اس سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔ اس کےلئے ترش آلو بخارا استعمال کرنا چائیے۔

٭ ذیابیطس (شوگر) کے مریض بھی ترش آلو بخارا استعمال کر کے خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں

٭آلوبخارا بینائی کو طاقت دیتا ہے اور گردہ ومثانہ کی پتھری کو توڑتا ہے۔

٭بھوک کی کمی، دماغی خشکی، اپھارہ اوردرد معدہ میں آلو بخارے کے سات دانے ہمراہ املی تین تولہ، رات کو پانی یا عرق سونف میں بھگو دیں صبح اچھی طرح مسل کر چھان کر نمک ملا کر تین دن استعمال کرنا مفید ہوتا ہے۔

٭پتے میں کنکریاں ہونے کی صورت میں آلو بخارے کے مسلسل استعمال کے ساتھ ساتھ دن میں دو یا تین مرتبہ عرق کاسنی اور عرق کلو دس تولے روزانہ پینا بے حد مفید ہوتا ہے۔ چند روز کے استعمال (تین ہفتے) میں مکمل صحت ہو جاتی ہے، آلو بخارے خشک بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ 

آلو بخارے کا استعمال سرد مزاج والے اور اعصابی دردوں والے حضرات بالکل نہ کریں، اسی طرح جنہیں پیچش کی شکایت ہو وہ بھی استعمال نہ کریں۔

تازہ ترین