گوہاٹی( نمائندہ خصوصی) سائوتھ ایشین گیمز میں ہاکی گولڈ میڈل کیلئے سپرپاورزپاکستان اوربھارت کے درمیان جمعرات کوٹکراؤ ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل میچ پاکستانی وقت کےساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔ قومی ہاکی ٹیم نےرائونڈ میچ میں بھارت کوسنسنی خیزمقابلے میں1-2 سے شکست دی تھی جس کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کا مورال بہت بلند نظر آرہا ہے۔ روایتی حریفوں کے در میان ہونے والے اس میچ میں بھارتی تماشائیوں کا جوش وخروش عروج پر ہے۔ مولانا طیب اللہ ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس فائنل کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔میچ میں کسی بھی قسم کی گڑ بڑ کو روکنے کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ گیمز انتظامیہ کی جانب سے تماشائیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی کی بوتل بھی اسٹیڈیم میں نہیں لے جاسکتے ہیں۔البتہ قومی پر چم لانے کی اجازت ہے۔پولیس اہلکاروں کو اسٹیڈیم کے تمام انکلوژر میں تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بدھ کو بھی اسٹیڈیم کے باہر فائنل میچ کی ٹکٹ حریدنے والوں کا ہجوم رہا ہے۔پاکستانی کھلاڑیوں نے سخت ترین سیکیورٹی میں اسٹیڈیم میں دو گھنٹے ٹریننگ کی۔ قومی ٹیم کے ہیڈکوچ محمد ثقلین نے کہا ہے کہ ہے کہ تینوں میچوں میں کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارت کے خلاف گولڈ میڈل میچ میں کسی دبائو کا شکار نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حریف کو آسان نہیں لیں گے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میچ جیتنے کی کوشش کریں گے،تاہم بھارت کو شکست ہوپاکستانی نے کی وجہ سے اس کے کھلاڑی دبائو میں ہونگے، انہیں ہوم کرائوڈ کا بھی دبائو ہوگا۔پاکستانی وائٹ ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں ۔ ہم نئے ریکارڈ کی جانب آ گے بڑھے گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ قومی کھیل میں ملک کے لئے گولڈ میڈل جیت سکے۔ دوسری جانب بھارتی ہاکی ٹیم کے کپتان مندیپ نے دعویٰ کیا ہے کہ گولڈ میڈل میزبان کا ہوگا۔ ایک میچ میں شکست سے بھارتی ہاکی ٹیم ختم نہیں ہوگئی۔ہم فائنل میں نئی حکمت عملی کےساتھ میدان میں آ ئیں گے۔