ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ اسٹارز پیدا ہوتے ہیں فلاں ملک کا اسٹار ،فلاں شعبےکا آئیکون وغیرہ وغیرہ لیکن کیا آپ نے کبھی ایسی جگہ کا نام سنا ہے جہاں اسٹارز بنائے جاتے ہوںاور کوئی نیا اسٹارنہیں بلکہ دنیا میں ہی موجود اسٹارز کی نقل۔۔جی ہاں !بات ہورہی ہے برطانیہ کے معروف ترین میوزیم ’’مادام تساؤ،،کی ۔ یہ میوزیم موم تراش مجسمہ ساز فرانسیسی خاتون میری تساؤ کی یاد میں قائم کیا گیا۔مومی مجسموں کے لئے مشہور دنیا کے معروف ترین عجائب گھر’’ مادام تساؤ ‘‘ کی اہمیت سے کون واقف نہیں یہی وجہ ہے کہ اس وقت مادام تساؤ میوزیم کی 23 شاخیں دنیا کے بڑے بڑے شہروں میں موجود ہیں ۔
جن میں دنیا بھر کے معروف سیاستدانوں، اداکاروں ، کھلاڑیوں کے مجسمے رکھے گئے ہیںجہاں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح ان مجسموں کو دیکھنے کی غرض سے اس میوزیم کا رخ کرتے ہیں اور اپنے پسندیدہ بالی ووڈ ،ہالی ووڈ اداکاروں اور کھلاڑیوں کے مجسمے دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیںاور ان کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہیں ۔
یہ میوزیم سیاحوں کے علاوہ ان معروف شخصیات کے لئے بھی کسی بہت بڑے اعزاز سے کم نہیں جن کا انتخاب مومی مجسمے بنانے کے لئے کیا جاتا ہے۔ زیر نظر مضمون میں آئیے دیکھتے ہیں کہ دنیا کی وہ کون سی کامیاب اور معروف خواتین ہیں جن کے مجسمے مادام تساؤ میوزیم کی زینت بن چکے ہیں۔
کترینہ کیف
بالی ووڈ باربی ڈول کترینہ کیف ان خواتین میں شامل ہیں جن کے مجسمے مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنائے گئے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرنیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں موجود مادام تساؤ میوزیم کی جانب سے بالی ووڈبیوٹی کوئین کترینہ کیف کے مومی مجسمے کی تصاویر جاری کی گئیں۔ مجسمے کے لئے خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ کترینہ کا رقص کرتا ہوا اسٹائل منتخب کیا گیا ۔کترینہ کے مجسمے پر بھارتی روایتی لہنگا پہنایا گیا ہے جسے وہ اکثر کئی مرتبہ فلموں میں زیب تن کر چکی ہیں۔اس سے قبل اداکارہ کا مومی مجسمہ لندن اور دہلی کے میوزیم کی زینت بھی بن چکاہے۔
ایشوریہ رائے
ایشوریہ رائے بچن کاشمار بالی ووڈ کی خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا ہے ان کی خوبصورتی جہاں ابھیشیک بچن کو اتنی بھائی کہ آج وہ بچن فیملی کی اکلوتی بہو ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں وہیںیہ خوبصورتی مادام تساؤ کے ڈائریکٹر ز کو بھی بھاگئی اور ان کا مجسمہ ایک نہیں مادام تساؤ میوزیم کی دو شاخوں کی زینت بنادیا گیا ہے ۔ ایشوریا کا ایک مجسمہ ہالی ووڈ کے نامور ستاروں کے ساتھ مونٹریا ل میں واقع موسی گریون میوزیم کی نئی برانچ تو دوسرامجسمہ پیرس کے سب سے پرانے مومی عجائب گھر موسی گریون میں سجایا گیا ہے۔
انجلینا جولی
خوبصورتی یا اہلیت کی بات ہو اور ہالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ انجلینا جولی کا ذکر نہ آئے نامکمل سی بات ہے۔عالمی شہرت یافتہ ہالی وڈ جوڑی انجلینا اور بریڈ پٹ کے مومی مجسمے کو 2005میںپیرس کےمومی عجائب گھر موسی گریون کی زینت بنایا گیاجبکہ 2013 میں بریڈ پٹ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کے نئے مجسموں کو اصل مجسموں سے تبدیل کردیا گیا۔اور اب بریڈ پٹ اور انجلینا کی علیحدگی نہ صرف ان دو اداکاروں کو دور کرگئی بلکہ مادام تساؤ میوزیم کی جانب سے ان کے مومی مجسموں کو بھی باضابطہ طور پر جدا کردیا گیا ۔
مارلن منرو
اپنے حُسن و اداکاری سے ایک دنیا کو اپنے سحر میں مبتلا کرنے والی ہالی ووڈ اداکارہ مارلن منرو کامجسمہ دنیا بھر میں مشہور برطانوی عجائب گھر مادام تساؤ کی نئی برانچ انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی تاریخی عمارت کناٹ پیلس میں رکھا گیا ہے ۔مغربی طرز پر خوبصورت ریڈ لباس کے ساتھ بنا مارلن منرو کا مومی مجسمہ آج بھی دیکھنے والوں کا اپنا دیوانہ بنادیتا ہے۔