• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
حادثات کا سبب بغیر ٹیسٹنگ، سیلنڈرز کی تنصیب ہے

غلام عباس بھنبھرو، خیرپور

خیر پور اور گردو نواح کے علاقوں میں مسافر گاڑیوں میں گیس سیلنڈر پھٹنے کے متعدد واقعات میں اب تک درجنوں جانیں ضائع ہونے کے باوجود ان حادثات کے تدارک کے لیے کسی بھی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔ ایک ہفتے قبل ٹنڈومستی کے قریب، گوٹھ خدا بخش میتلو سے سہیون جانے والی وین میں گیس سلینڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔وین میں ڈرائیور سمیت 20افرادسفر کررہے تھے تھے جو لعل شہباز قلندرکی درگاہ پر عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے جارہے تھے ۔ حادثے کے نتیجے میں دو بچوں اور ایک خاتون سمیت 4افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئےجب کہ 15سے زائد افرادزخمی ہو ئے، جومختلف اسپتالوں زیر علاج ہیں۔اس واقعے سے کچھ عرصہ قبل ہنگورجہ، سیٹھارجہ روڈ پراسی قسم کا حادثہ پیش آیا۔سیٹھارجہ سے تین کلو میٹر کے فاصلے پر مسافر وین میں گیس سلینڈر دھماکے کے ساتھ پھٹ گیاجس کے بعد آگ لگ گئی، حادثہ اتنا اچانک تھا کہ مسافروں کو اترنے کا موقع بھی نہ مل سکااور ان میں سے 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئےجب کہ چار افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال پہنچایاگیا۔اس حادثے کےچندروز بعد ہی احمد پور روڈ پر منگھنواری کے مقام پر مسافربس کا سلینڈر پھٹنے سے10امسافر ہلاک ہوگئے جب کہ پانچ زخمیوں کی حالت بدستور تشویش ناک ہے ۔ چند روز قبل خیرپورمیں لقمان ریلوے پھاٹک کے قریب بس اسٹاپ پر لاڑکانہ کی طرف روانگی کے لیے تیار کھڑی سافر بس میں اچانک سلینڈر پھٹنے سےآگ لگ گئی ۔ مسافر وں نےبس سےکود کر خود کو بچا لیا تاہم بھگدڑ کے سبب دو افراد زخمی ہو گئے۔فائر بریگیڈ نے اطلاع ملنے پر فوری طور سے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔کچھ عرصے قبل ٹھری میرواہ شہر میں بھی اسی طرح کا حادثہ رونما ہواتھا۔وہاں پیٹرول پمپ پر کھڑے ہوئے آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگنے سے زیرزمین پٹرول کے ٹینک نے آگ پکڑ لی جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جب کہ وہاں پٹرول ڈلوانے والی موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔

حادثات کا سبب بغیر ٹیسٹنگ، سیلنڈرز کی تنصیب ہے

تواتر کے ساتھ مسافر گاڑیوں میں سلینڈر پھٹنے کے واقعات چیک اینڈ بیلنس کے نظام کی عدم موجودگی اور قانون کی عمل داری نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہورہے ہیں۔ گاڑیوں میں نصب ہونے والے سستے قسم کے سلینڈر، لیبارٹری کی ٹیسٹنگ کے بغیر گاڑیوں میں نصب کیے جاتے ہیں۔حکومت کو چاہئے کہ ان حادثات کا فوری نوٹس لے کر مسافرگاڑیوں میں نصب سلینڈروں کی چیکنگ کرکے انہیں فٹنس سرٹیفکٹ جاری کرکے سڑکوں پر لانے کی اجازت دی جائے۔ ناقص گیس سلینڈرلگانے پر مکمل طور پر پابندی عائد کی جائے اور اس پر عمل درآمد نہ کرنےوالی گاڑیوںکے روٹ پرمٹ منسوخ کئے جائیں۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین