• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت ہم سے مدد مانگتی ہے، وزرا ہمارے خلاف سازشیں کر رہے ہیں: شرجیل میمن

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہر وقت پیپلز پارٹی سے مدد مانگتی ہے جبکہ وفاقی وزرا سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔

 کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور اس وقت کراچی میں میگا پروجیکٹس پر کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑ رہی ہیں اور کوہاٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہمارے جوان دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل پورٹل پر کام کر رہی ہے اور سندھ الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی قائم ہو چکی ہے، کل سندھ کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ کاروباری طبقے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور تاجروں کو 10 دن کے اندر آن لائن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھرپارکر کے کوئلے سے بجلی بنانے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے ہیں اور تھرپارکر سے ریلوے لائن بھی بچھائی جا رہی ہے۔

صحت کے شعبے سے متعلق انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کے لیے کراچی آتے ہیں، جگر کی پیوندکاری کے لیے پہلے لوگ بیرون ملک جاتے تھے، اب سندھ آ رہے ہیں، ہمارا ہدف ہے کہ کوئی بھی شہری علاج کے لیے ملک سے باہر نہ جائے۔

امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ یکم جنوری سے اب تک پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں، 120 پولیس مقابلوں میں 28 ڈاکو مارے گئے جبکہ 56 زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، 18 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا ہے اور اغوا برائے تاوان کے کئی کیسز حل کیے جا چکے ہیں، کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع اور ہائی ویز محفوظ ہیں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ کراچی میں چیلنجز موجود ہیں، تاہم کراچی کو ٹارگٹ کر کے سندھ حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، کراچی کی آبادی کا موازنہ شہروں سے نہیں بلکہ ملکوں سے کیا جا سکتا ہے، روزانہ ہزاروں افراد ملک بھر سے کراچی آتے ہیں، خصوصاً صحت کی سہولیات کے حصول کے لیے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ شاہراہ بھٹو تکمیل کے قریب ہے اور اپریل کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں اس کا افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار گل پلازا کمیشن کے معاملے پر جج کے خلاف جھوٹ بول رہے تھے۔

قومی خبریں سے مزید