متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی پہلی بیوی کے ساتھ خوش گوار زندگی گزار رہا ہے تو میں اسے دوسری شادی کا مشورہ نہیں دوں گا۔
حال ہی میں فاروق ستار نے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی، پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی 2 شادیوں سے متعلق گفتگو کی اور ایک سے زائد شادیوں کے حوالے سے مردوں کو مشورہ بھی دیا۔
متعدد شادیوں کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 2 بیویاں رکھنا حوصلے کا کام ہے اور یہ حوصلہ صرف اُسی شخص کے پاس ہو سکتا ہے جو ایم کیو ایم میں خدمات انجام دے رہا ہو۔
انہوں نے مردوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنی پہلی بیوی کے ساتھ خوش گوار زندگی گزار رہا ہے تو میں اسے دوسری شادی کا مشورہ نہیں دوں گا، البتہ اگر عمومی رائے پوچھی جائے تو میں کسی کو کوئی مشورہ نہیں دینا چاہوں گا کیونکہ یہ ایک ذاتی فیصلہ ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کا کہنا ہے کہ میری دوسری شادی میرا ذاتی فیصلہ تھا، نہ میں نے اس کی تائید کی اور نہ کسی کو اس کی ترغیب دی، اگر کوئی محبت میں مبتلا ہو جائے تو اسے چاہیے کہ کسی بڑے مقصد کی تلاش کرے تاکہ دوسری شادی سے گریز کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار 2 شادیاں کر چکے ہیں، ان کی ایک اہلیہ کراچی جبکہ دوسری اسلام آباد میں مقیم ہیں۔
اس حوالے سے دورانِ پروگرام انہوں نے بتایا کہ شاہدہ ماہرِ ماحولیات ہیں اور اسلام آباد میں مقیم ہیں، جبکہ دوسری اہلیہ کراچی میں رہتی ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں اکثر اپنی اہلیاؤں سے کہتا رہتا ہوں کہ میرے پاس لاہور میں ایک اور شادی کا اختیار بھی موجود ہے۔