راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) رمضان میں ضلع راولپنڈی میں 2سو سے زائد مدنی دستر خوان لگائے جائیں گے۔ چیئرمین مدنی دستر خوان پنجاب حاجی محمد نواز نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران پنجاب بھر میں 250سے زائد دستر خوان لگائے جائیں گے جس میں سحرو افطار کے مکمل انتظامات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8سال سے پنجاب میں مدنی دستر خوانوں میں دوپہر اور رات کا کھانا دیا جاتا ہے اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر انتظامیہ بھی ہرممکن تعاون کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی سی طلعت محمود گوندل، (اے ڈی سی جی) سارہ حیات سمیت دیگر تحصیلوں کے اے سی، متعلقہ اداروں کے افسران اور مخیر حضرات بھی موجود تھے۔ حاجی محمد نواز نے کہا کہ جو لوگ اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ اللہ کی راہ میں خرچ کریں تاکہ وہ اپنی دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کو بھی سنوار سکیں۔ مخیر حضرات بھی رمضان کے دوران شہر کے بڑے ہسپتالوں، بس سٹینڈز، پٹرول پمپ اور دیگر مقامات پر سحرو افطار کے خصوصی انتظامات کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نادار اور مستحق افراد مدنی دستر خوانوں سے مستفید ہو سکیں۔