• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پائلٹس جعلی ڈگری کیس،نجی ایئر لائنز پر جرمانہ عائد

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ائیر بلیو سمیت ایک اور نجی ایئر لائن پر جرمانہ کر دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت کے موقع پر شاہین ائیر لائن کے سی ای او احسان صہبائی، ایئر بلیو کے چیف ایگریکٹو جنید خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو مشرف رسول عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے ائیر بلیو کے ایم ڈی جنید خان سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ آپ کے پاس کتنے پائلٹس ہیں؟ جس پر جنید خان نے بتایا کہ ہمارے پاس 101 پائلٹس،251 عملہ ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ایم ڈی ایئربلیو سے استفسار کیا کہ اب تک پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق کیوں نہیں کی گئی؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب نہیں کیا، کوئی غیر ذمہ داری ہوئی تو ایم ڈی جنید خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ایئر بلیو پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد عائد کرتے ہوئے حکم جاری کیا ایئر لائن کے ایم ڈی جنیدخان جرمانے کی رقم فاطمید فاؤنڈیشن میں جمع کرائیں۔

چیف جسٹس نے پی آئی اے ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے کے معاملے پر چیف ایگزیکٹو مشرف رسول سیال عدالت میں پیش ہوئے ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا معلوم ہوا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی،شرم کریں، کیا آپ کو تنخواہ مل گئی؟

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آپ کی تنخواہ 2 ملین سے زیادہ ہوگی غریبوں کو کیوں تنخواہ نہیں دیتے، پی آئی اے کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں اور بتائیں پی آئی اے کے پاس کتنے پائلٹس ہیں۔

چیف ایگزیکٹو مشرف رسول سیال نے عدالت میں بتایا کہ ہمارے پاس 32 ائیر کرافٹ اور 498 پائلٹس ہیں۔ 369 پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ 39 پائلٹس نے ڈگریوں سے متعلق حکم امتناعی لے رکھا ہے۔

ا س موقع پر چیف جسٹس نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے کو پائلٹس کی ڈگری کی تصدیق سے متعلق حتمی رپورٹ 4 بجے تک پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

سماعت کے موقع پر شاہین ائیر لائن کے سی ای او احسان صہبائی بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے سوال کیا کہ احسان صہبائی کا تعلق کہاں سے ہے جس پرسول ایوی ایشن نےبتایا کہ احسان صہبائی کا تعلق کینیڈا سے ہے اور وہ دوہری شہریت رکھتے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ آپ دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ہمارے فیصلے پر عمل نہیں کر رہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے شاہین ائیر لائن کے سی ای او احسان صہبائی پر بھی ایک لاکھ  روپے جرمانہ عائد کیا اور انہیں بھی جرمانے کی رقم فاطمید فاؤنڈیشن میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔


تازہ ترین