کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان میںگہرے پانی کے پہلے کنٹینر ٹرمینل ہچیسن پورٹس پاکستان کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ پاکستان کا پہلا ٹرمینل ہے جو سمندر کے گہرے پانی میں تعمیر کیا گیا ہے۔ ٹرمینل کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کیا تقریب میں جہاز رانی کے وزیر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو، گورنر سندھ محمد زبیراور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین ریئر ایڈمرل جمیل اختر موجود تھے۔ ہچیسن پورٹس پاکستان کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی ہچیسن پورٹس کے درمیان پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ہے۔ یہ ٹرمینل اس خطے کے جدید ٹرمینلز میں سے ایک ہے جس نے 9 دسمبر 2016سے اب تک آزمائشی آپریشن کے دوران پورٹ پر سامان کی بہتر انداز سے ترسیل کا چار مرتبہ نیا ریکارڈ قائم کیا اور دنیا کے وسیع ترین کنٹینر ٹرمینل کو سہولیات فراہم کیں۔ اس ٹرمینل کی معیاری کارکردگی کے ساتھ پاکستان کو عالمی تجارت میں ایک اہم مقام دلوائے گا اور ملکی معاشی ترقی میں ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ یہ ٹرمینل دسمبر 2018 میں نئے ریجنل آپریشنز سینٹر کا آغاز کرے گا جس کی بدولت دیگر پورٹس کے لئے ریموٹ شپ پلاننگ میں سہولت فراہم ہوگی ، یہ ہچیسن پورٹس کے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ اس سینٹر کے نمایاں تکنیکی فائدے یہ ہیں کہ سامان کو لادنے اور اتارنے کے دورانئے میں نمایاں کمی آئے گی اور درآمد کنندگان و برآمد کنندگان کو لاگت میں نمایاں بچت ہوگی۔