احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ایک موقع پر صحافی کے سوال پر اپنی صاحبزادی مریم نواز کو بولنے سے روک دیا۔
صحافی نے نواز شریف سےسوال کیا کہ ’’نان اسٹیٹ ایکٹر سے متعلق آپ اپنے بیان پر قائم ہیں؟ ‘‘
جس پر ان کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ’’پھر آپ نے ضرب عضب کن کے خلاف کیا؟‘‘
مریم نواز نے جیسے ہی بولنا چاہا ان کے والد میاں نواز شریف نے انہیں بولنے سے روک دیا اور ہدایت کی کہ ’’آپ نہ بولو‘‘۔
احتساب عدالت سے واپسی پر مریم نواز نے بونیر جلسے میں مخالفین کو بھرپور جواب دینے کا عندیہ بھی دے دیا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کے رہنما نواز شریف کو غدار کہہ رہے ہیں، جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ بونیر جلسے میں مخالفین کو جواب دیں گے۔
علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج ضلع بونیر کے علاقے سواڑئی میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کریں گے۔
جلسے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،100 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑاسٹیج بنایا گیا ہے،جبکہ شہر بھر کو سبز جھنڈوں اور بینروں سے سجایا گیا ہے۔
پولیس کی مطابق سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے حفاظت کیلئے 500 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
جلسے سے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے علاوہ مریم نواز شریف، ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام اور دیگر صوبائی و مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔