سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ اتنا بڑا بونیر نہیں جتنا بڑا نواز شریف کا جلسہ ہورہا ہےاور آپ نے تو 3 بار نواز شریف کو وزیراعظم بنایاہے۔
یہ بات مریم نواز نے بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی اور مزید کہا کہ آپ کے ووٹ سے آنے والے وزیراعظم پرغداری کے فتوے منظور ہیں، ووٹ کی پرچی سے وزیراعظم بناتے ہو، ایم پی اے بناتے ہووہ ووٹ کی طاقت نہیں ہوتی وہ آپ کی طاقت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال سے نوازشریف اور عوام کارشتہ ہر روز گہرا اور بڑھتا جارہا ہے، نااہل کر کے دیکھ لیا اور ن لیگ کی صدارت سے ہٹا کر بھی دیکھ لیا لیکن نوازشریف اور عوام کا رشتہ کم کرنےکی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
مریم نواز نے کہا کہ جب انہیں غدار کہا جاتا ہے تو کیا وہ آپ کے نمائندے ہوتے ہیں جبکہ انہوں نے بھارت کے مقابلے میں ایٹمی دھماکے کیے، کیا وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والے غدار ہوتے ہیں؟ دنیا کی سپر پاور کے سامنے ڈٹ جانے والا غدار ہوسکتا ہے؟صوبوں کو قریب لانے والا غدار ہوسکتا ہے؟ اور تو اور کیا یواین میں پاکستان،کشمیر، بلوچستان کا مقدمہ پیش کرنیوالا غدار ہوسکتا ہے؟