• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سستے رمضان بازاروں کے وی آئی پی شخصیات کے دوروں کیلئے راولپنڈی ضلع میں 9ہیلی پیڈ تیار

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)سستے رمضان بازاروں کے وی آئی پی شخصیات کے دوروں کیلئے راولپنڈی ضلع میں 9ہیلی پیڈ تیار کئے گئے ہیں۔جبکہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی نے 28مختلف اشیائے خوردونوش کے نرخ مقرر کردئیے ہیں۔سستے رمضان بازار آج سے آپریشنل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ہیلی پیڈ راولپنڈی میں گورڈن کالج،زرعی یونیورسٹی،قاسم ایئر بیس جبکہ ٹیکسلا،گوجرخان،مری،کوٹلی ستیاں،کہوٹہ اور کلرسیداں میں تیار کئے گئے ہیں۔ادھر ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سےمجوزہ مقرر کی گئی28اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں پکوڑے240روپے کلو،سموسہ 15روپے فی کس،چینی ہول سیل فی کلو پر تین روپے منافع کے ساتھ پرچون میں بیچی جائے گی۔چھوٹا گوشت اوپن مارکیٹ میں 700روپے کلو جبکہ رمضان بازاروں میں650روپے کلو ہوگا۔بڑا گوشت بازار میں 350اور رمضان بازار میں تین سو روپے کلو،سرخ مرچ270روپے کلو،دودھ70روپے لٹر،دہی80روپے کلو،روٹی پتیری سو گرام سات روپے اور نان120گرام دس روپے ،چاول باسمتی نئے110روپے کلو،پرانے130روپے کلو،چاول اری 50روپے کلو،دال چنا باریک سو روپے ،موٹی 110روپے کلو،مسور دال باریک 110روپے کلو،موٹی 80روپے کلو،ماش دال باریک 115روپے کلو،ماش دال کرم140روپے کلو،دال مونگ سو روپےکلو،سفید چنا موٹا 170روپے کلو،باریک 130روپے کلو،بیسن 125روپے کلو،ویجیٹیبل آئل سرکاری ریٹ کے مطابق جبکہ رمضان بازاروں میں دس روپے سبسڈی ملے گی۔آٹارمضان بازار اور اوپن مارکیٹ میں ایک ہی ریٹ ہوگا۔دس کلو کا تھیلا250اور20کلو کا پانچ سو روپے کا ہوگا۔شہریوں کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک بھی چیز اس ریٹ پر دستیاب نہیں ہے جو ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی نے مقررکئے ہیں۔صرف چھوٹا گوشت ہی لے لیں بازاروں بالخصوص سپیشل پرائس مجسٹریٹس کے منظور نظر قصاب ایک ہزار روپے کلو میں فروحت کررہے ہیں۔لیکن کسی کا چالان ہوا نہ ہی ایف آئی آر ہوئی ہے۔یہ ہی حال بڑے گوشت کا ہے۔جبکہ پولٹری بھی عوام کی پہنچ کے سے باہر ہوتی جارہی ہے۔دالوں،چاول،بیسن کوئی چیز ایسی نہیں جو سرکاری ریٹ پر مل رہی ہو۔حالانکہ نرخوں کے تعین میں تمام تاجر رہنما بھی موجود ہوتے ہیں۔عام دوکان پر دودھ سو روپے کلو اور دہی 110روپے میں مل رہا ہے۔لیکن سرکاری نرخ ایسے ہیں جس پر ڈھونڈنے سے بھی کچھ نہیں ملے گا۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جو سرکاری نرخ مقرر کئے گے ہیں ان پر چیز کہاں سے ملے گی اس کا پتہ بھی انتظامیہ بتائے۔
تازہ ترین