پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ ایک مخصوص لابی نے نوازشریف کو ٹارگٹ کیا اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی،لیکن مسلم لیگ ن اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور باہمی یکجہتی سے خلائی مخلوق کو شکست دے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف کے الفاظ کو اپنے معنی پہنائے گئے، انہوں نے غیر ریاستی عناصر کی بات کی ہے لیکن پاکستان کے عوام کو ہر چیز کی خبر ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف کی حب الوطنی پرحملہ کیا گیا ، لوٹا ساز فیکٹری سے عوام کو باخبر کرنا ضروری ہے، ایسا کرنا محاذ آرائی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں مظفر ٹپی جیسے بندے کو کلین چٹ مل گئی ہے، تو پھر اس ملک میں کرپٹ کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ چیئرمین نیب معاملات کو درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے پیچھے وہی نائب ہیں جو ماضی میں تھے۔