• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو گوادر ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے آج بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کا بھی اغاز ہو گیا۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق نوتعمیر ایئر پورٹ سے قومی ایئر لائن کی پہلی پرواز پی کے 197 صبح 9 بج کر 41 منٹ پر مسقط کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 39 مسافرسوار تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ گوادر ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن کے مقامی حکام نے مسافروں کو رخصت کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مسقط سے یہی اے ٹی آر طیارہ پرواز پی کے 198 کے طور پر دوپہر کو گوادر آئے گا۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق یہ طیارہ کراچی سے پرواز پی کے 503 کے طور پر مسافروں کو لے کر صبح گوادر پہنچا تھا۔ اسی طیارے سے دوپہر 2 بجے گوادر کراچی کی پرواز پی کے 504 آپریٹ ہوگی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے فلائٹ آپریشن کا آغاز 20 جنوری کو ہوا تھا۔ گوادر ایئر پورٹ کے لیے فی الحال قومی ایئر لائن کی پروازیں ہی چلائی جا رہی ہیں۔ قومی ایئر لائن ابتدائی طور پر مسقط کے لیے ہفتہ وار 1 پرواز آپریٹ کرے گی۔

اس ایئر پورٹ پر ایئر بس اور بوئنگ طیارے بھی لینڈ کر سکتے ہیں لیکن ایئر لائن ذرائع کے مطابق اس روٹ پر فی الحال مسافر کم ہونے کی وجہ سے قومی ایئر لائن گوادر کے لیے اے ٹی آر طیارہ استعمال کر رہی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق مسافروں کا لوڈ بڑھنے پر گوادر کے لیے ایئر بس طیارے بھی استعمال کیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید